news
English

پاک بھارت میچ میں دہشتگردی کا خطرہ، نیویارک میں سیکیورٹی بڑھادی گئی

آئزن ہاور پارک اسٹیڈیم، جو مین ہٹن سے تقریباً 25 میل مشرق میں واقع ہے، 3 جون سے 12 جون تک آٹھ میچوں کی میزبانی کرے گا، جس میں بھارت اور پاکستان کا انتہائی متوقع معرکہ بھی شامل ہے۔

پاک بھارت میچ میں دہشتگردی کا خطرہ، نیویارک میں سیکیورٹی بڑھادی گئی

آئندہ ماہ سے امریکا میں شروع ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران  پاک بھارت ٹاکرے میں دہشت گردی کے خطرے کے باعث نیویارک میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی۔    
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں شیڈول پاک بھارت میچ کے حوالے سے تشویشناک رپورٹ سامنے آئی ہے، جس کے مطابق میچ سے قبل دہشت گردی کا خطرہ بتایا جارہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر نیویارک انتظامیہ نے اسٹیڈیم کی سیکیورٹی بڑھادی ہے۔  
گورنر نیویارک کے دفتر سے جاری بیان میں کیا گیا ہے کہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کررہے ہیں تاہم اس وقت عوامی تحفظ کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔ ترجمان گورنر آفس کے مطابق انتظامیہ قانون نافذ کرنے والےحکام کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے، عوام کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پُرعزم ہیں کہ ٹی20ورلڈ کپ محفوظ اور یادگار ثابت ہوگا، یاد رہے کہ اس میگا ایونٹ میں پاک بھارت ٹاکرا 9جون کو نیویارک میں شیڈول ہے۔ آئزن ہاور پارک اسٹیڈیم، جو مین ہٹن سے تقریباً 25 میل مشرق میں واقع ہے، 3 جون سے 12 جون تک آٹھ میچوں کی میزبانی کرے گا، جس میں بھارت اور پاکستان کا انتہائی متوقع معرکہ بھی شامل ہے۔ 
یاد رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیراہتمام ٹی 20 ورلڈ کپ کا نواں ایڈیشن یکم سے 29 جون تک ویسٹ انڈیز اور امریکا میں کھیلا جائے گا۔ 
کون سی ٹیم کس گروپ میں ہے؟ 
ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024 میں پاکستان، بھارت، کینیڈا، آئرلینڈ، امریکا، انگلینڈ، آسٹریلیا، نمیبیا، اسکاٹ لینڈ، اومان، نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، افغانستان، پاپوا نیوگنی ،یوگنڈا، جنوبی افریقہ، سری لنکا، بنگلہ دیش، نیپال اور نیدر لینڈز سمیت 20 ٹیمیں شامل ہیں۔ ان ٹیموں کو پانچ پانچ کے چار مختلف گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں پاکستان، بھارت، کینیڈا، آئر لینڈ اور امریکا شامل ہیں۔ 
گروپ بی میں انگلینڈ، آسٹریلیا، نمیبیا، اسکاٹ لینڈ اور اومان کو رکھا گیا ہے۔ 
گروپ سی میں نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، افغانستان، پاپوانیوگنی اور یوگنڈا شامل ہیں جبکہ گروپ ڈی میں جنوبی افریقہ، سری لنکا، بنگلہ دیش، نیپال اور نیدر لینڈز شامل ہیں۔