news
English

ایشیاءکپ: قومی ٹیم کے ڈریسنگ روم میں جھگڑے کی افواہیں جھوٹ نکلیں

ٹیم کے ایک سینئیر کھلاڑی نے منفی قیاس آرائیوں کی تردید کردی۔

ایشیاءکپ: قومی ٹیم کے ڈریسنگ روم میں جھگڑے کی افواہیں جھوٹ نکلیں

ایشیاءکپ میں خراب پرفارمنس کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ڈریسنگ روم میں جھگڑے کی افواہیں جھوٹ نکلیں۔ 
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایشیاءکپ کے سپر فور مرحلے میں سری لنکا کے خلاف میچ میں شکست کے بعد پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے درمیان ڈریسنگ روم میں تلخ کلامی ہوئی تھی۔ 
ٹیم میٹنگ میں بابراعظم نے کچھ سینئر کھلاڑیوں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا، جس پر شاہین شاہ آفریدی نے بابر کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ جن کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی پیش کی وہ ان کا اعتراف کریں، اس دوران مبینہ طور پر محمد رضوان نے صورت حال میں ثالث کا کردار نبھایا۔ 

اس حوالے سے ایکسپریس نیوز کے نمائندے نے رابطہ کیا تو ٹیم کے ایک سینئیر کھلاڑی نے ان رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی واحد توجہ کرکٹ پر ہے اور ہمیں ناقدین کی فکر نہیں ہے، میچ ہارنے سے ہمارے ناقدین کو اپنی رائے دینے کا موقع ملا ہے لیکن یہ محض منفی قیاس آرائیاں ہیں ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔