news
English

مکی آرتھر نے پاکستانیوں کا دل جیت لیا، اننگز طویل ہونے کی توقع

نجم سیٹھی نے کہا کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے ساتھ معاہدہ ورلڈ کپ 2019 تک کا ہے۔ اس میں توسیع کا فیصلہ فریقین کو مل کر ہی کرنا ہوگا،

مکی آرتھر نے پاکستانیوں کا دل جیت لیا، اننگز طویل ہونے کی توقع PHOTO: AFP

لاہور: مکی آرتھر نے پاکستانیوں کا دل جیت لیا،ہیڈ کوچ کی اننگزطویل ہونے کی توقع ظاہر کر دی گئی۔

برطانوی کرکٹ ویب سائٹ ’’پاک پیشن‘‘ کو انٹرویو میں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا کہ میں پاکستان میں کرکٹ کی موجودہ صورتحال سے مطمئن ہوں، شائقین میں جوش و خروش ہے، کھیل میں پیسہ بھی آنے لگا، انٹرنیشنل کرکٹ بتدریج واپس آ رہی ہے، پاکستان سپر لیگ ایک کامیاب ایونٹ بن چکا، قومی کرکٹ ٹیم بہتری کی جانب گامزن ہے، اس ضمن میں کوالیفائیڈ کوچز اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اعلیٰ معیار کے ڈسپلن اور بہتر مستقبل کیلیے عزم کی بدولت ہم بہت جلد دنیا کی مضبوط ترین ٹیموں میں شمار ہوں گے، ابھی کئی خامیاں ہوں گی جنھیں وقت اور تجربے کیساتھ دور کر لیں گے، پاکستان کرکٹ درست سمت میں گامزن ہے، میری کوششوں کا بالآخر اچھا نتیجہ سامنے آنے پر میڈیا میں تنقید بھی ختم ہوجائیگی۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے ساتھ معاہدہ ورلڈ کپ 2019 تک کا ہے۔ اس میں توسیع کا فیصلہ فریقین کو مل کر ہی کرنا ہوگا، میرے خیال میں غیرملکی کوچ بہترین کام کر رہے ہیں، معاون اسٹاف بھی اپنا کردار کر رہا ہے، فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن کو جانا ہے، ان کا خلا پہلے سے موجود آفیشلز میں سے ہی کوئی پُر کرے گا یا کسی نئے کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ ہیڈ کوچ کی سفارشات کو مدنظر رکھیں گے، جہاں تک آرتھر کے اپنے کنٹریکٹ کی بات ہے انھوں نے خود ہی کہا تھا کہ میں گرین شرٹس کو ورلڈ کپ تک لے کر جائوں گا، میرے خیال میں بھی اس کے بعد ہی اگلا فیصلہ کرنا مناسب ہو گا،البتہ پی سی بی کوچ کی کارکردگی سے خوش اورکھلاڑی ان کی قدر کرتے ہیں، آرتھر کے کپتان سرفراز اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کے ساتھ بھی بہت اچھے تعلقات ہیں۔ سب کا ایک صفحے پر ہونا پاکستان کرکٹ کیلیے خوش آئند ہے۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ غیرملکی کوچنگ اسٹاف کی موجودگی میں قومی ٹیم کا ڈسپلن بہت بہتر ہوا، کوئی کھلاڑی 10سال میں آنے والا واحد سپر اسٹار ہو تب بھی نظم و ضبط کے حوالے سے کوئی معافی نہیں مل سکتی۔

انھوں نے کہا کہ سنٹرل کنٹریکٹ رکھنے والے قومی کرکٹرز کو پی ایس ایل کے سوا2 لیگز میں شرکت کی اجازت ہے،کچھ خصوصی معاملات میں حتمی فیصلے کا اختیار ہیڈ کوچ کے سپرد کرنے کا مقصد یہی ہے کہ اگر کسی کھلاڑی کے فٹنس مسائل پیدا ہونے یا معمولی انجری میں اضافے کا خدشہ ہو تو وہ اس کو روک سکے۔

ایک سوال پر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ فی الحال پاکستان ٹیم کے دورئہ زمبابوے پر کوئی خدشات نظر نہیں آ رہے۔ حالیہ میڈیا رپورٹس کے بعد اپنے اسٹاف کو زمبابوین کرکٹ سے رابطے کاکہا تھا، وہاں سے جواب آیاکہ سب کچھ ٹریک پر ہے، پاکستان اور آسٹریلیا کی شمولیت سے شیڈول ٹی ٹوئنٹی ٹرائنگولر سیریز خطرے میں نہیں، اسکاٹ لینڈ کیخلاف سیریز ختم ہونے کے بعد گرین شرٹس زمبابوے کیلیے اڑان بھریں گے۔

نجم سیٹھی نے اس امید کا اظہار کیا کہ بھارت یو اے ای میں ایشیا کپ کے دوران پاکستانی ٹیم سے میچ کھیلے گا،بی سی سی آئی نے اپنی حکومت سے پاکستان کیساتھ باہمی مقابلوں کی پالیسی کے بارے میں دریافت ضرور کیا لیکن اس معاملے کا ایشیا کپ جیسے ایونٹ سے کوئی تعلق نہیں بنتا۔