شاہین آفریدی کے بعد قومی کھلاڑی شاداب خان اور اعظم خان بھی آئی ایل ٹی 20 لیگ کا حصہ بن گئے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی کے ڈیزرٹ وائپرز کو جوائن کرنے کے بعد آل راؤنڈر شاداب خان اور جارح مزاج بیٹر اعظم خان بھی آئی ایل ٹی 20 لیگ کا حصہ بن گئے۔
قومی کرکٹرز شاداب خان اور اعظم خان کو آئی ایل ٹی 20 کی ٹیم ڈیزرٹ وائپرز کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، اس سے قبل شاہین آفریدی کو بھی ڈیزٹ وائپرز کی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔
وائپرز کے ڈائریکٹر کرکٹ ٹام موڈی نے آل راؤنڈر کے طور پر شاداب خان کی کثیر الجہتی صلاحیتوں کی تعریف کی اور ایک قابل احترام بیٹر کے طور پر ان کی بڑھتی ہوئی ساکھ کو سراہا۔
یاد رہے کہ ڈیزرٹ وائپرز کی ملکیت فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے اونرز کے پاس ہے۔
واضح رہے کہ آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کا دوسرا ایڈیشن پی ایس ایل سے قبل جنوری 2024 میں منعقد ہوگا، لیگ کے پہلے ایڈیشن میں پی سی بی نے قومی کرکٹرز کو شرکت کی اجازت نہیں دی تھی تاہم اس بار پی سی بی نے قومی پلیئرز کو آئی ایل ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کی اجازت دے رکھی ہے۔