لاہور: اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے میچ کے بعد میڈیا سے بات چیت میں بابراعظم کو سابق کپتان پکارنے والے صحافی کو ٹوک دیا۔
ایلمنیٹر ون میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک صحافی نے بابراعظم کو سابق کپتان کہا تو شاداب خان نے کہا کہ وہ سابق نہیں اب بھی کپتان ہیں، بس آرام کررہے ہیں، ’’ بابراعظم ہمارے بادشاہ ہیں، میں تو وزیر ہوں، بادشاہ آرام کررہے ہیں‘‘۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کے خلاف سیریز کے لیے بادشاہ کو آرام دیا گیا ہے اور وزیر کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
شاداب خان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں افغان کرکٹرز کے ساتھ کھیلتے رہے ہیں، اس لیے ان کے گیم کا اندازہ ہے۔ ٹی20 سیریز میں فتح کے لیے قومی ٹیم کو خوب محنت کرنا ہوگی۔