پاکستانی لیگ اسپنر 8.64 کی اوسط سے 14 وکٹیں لے کر ایل پی ایل میں سرفہرست بولر ہیں۔
قومی ٹیم کے آل رائونڈر شاداب خان نے لنکا پریمیئر لیگ 2024ء کی کارکردگی کو انٹرنیشنل کرکٹ میں دہرانے کا عزم ظاہر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے آل راؤنڈر شاداب خان لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) 2024ء میں کولمبو اسٹرائیکرز کی نمائندگی کرتے ہوئے گیند کے ساتھ شاندار فارم میں نظر آرہے ہیں۔ 25 سالہ نوجوان اسپنر بہت زیادہ دباؤ میں تھے کیونکہ وہ ٹی20 ورلڈ کپ میں ایک بھی وکٹ نہیں لے سکے تھے اور بلے بازی میں بھی کوئی خاص کارکردگی نہ دکھاسکے تھے تاہم ایل پی ایل میں لیگ اسپنر کی فارم واپس آگئی اور وہ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر بن چکے ہیں۔ انہوں نے 6 میچوں میں 8.64 کی اوسط سے 14 وکٹیں حاصل کرکھی ہیں۔ انہوں نے اتوار کےروز جافنا کنگز کے خلاف اپنے بہترین اعداد و شمار حاصل کیے جہاں انہوں نے ٹورنامنٹ میں دوسری بار پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا، اس میچ میں انہوں نے صرف10 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
وہ ایوشکا فرنینڈو اور فیبین ایلن کو آؤٹ کرنے کے بعد ایک بار پھر ہیٹ ٹرک لینے کے قریب تھے تاہم وجے کانت ویاسکانتھ، ریویو کی وجہ سے بچ گئے لیکن شاداب نے زور دے کر کہا کہ یہ آؤٹ ہے۔
شاداب خان نے میچ کے بعد کی گفتگو میں کہا کہ "[ہیٹ ٹرک] میرے خیال میں یہ آؤٹ تھا، لگتا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی کا مسئلہ تھا۔ میرے خیال میں یہ آؤٹ ہو گیا تھا"۔
انہوں نے کہا کہ "مجھے لگتا ہے کہ پچ تھوڑی سست تھی لیکن ہمیں صرف اپنے پلانز پر قائم رہنا تھا۔ پچ یقینی طور پر اسپنرز کی مدد کر رہی ہے خاص طور پر جب ہم اپنے پلان کے مطابق بولنگ کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ "میں نے پچھلے تین مہینوں میں جدوجہد کی لیکن یہ کرکٹ کی خوبصورتی ہے کہ آپ اچانک پرفارم کرنا شروع کردیتے ہیں اور امید ہے کہ یہ سلسلہ پاکستان کے ساتھ بھی جاری رہے گا"۔
یاد رہے کہ شاداب خان نے اس ماہ کے شروع میں اپنے ایل پی ایل ڈیبیو پر ہیٹ ٹرک کی تھی۔ انہوں نے یکے بعد دیگرے کینڈی فالکنز کے کپتان وینندو ہسرنگا، سلمان علی آغا اور پون رتھنائیکے کی وکٹیں لے کر اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور 4/22 کے اعداد و شمار کے ساتھ اپنا زبردست اسپیل مکمل کیا۔