news
English

میں اچھا نہیں کھیل سکا، شاداب نے اعتراف کرلیا

 اچھی بولنگ کرتا تو نتیجہ مختلف ہوتا، کپتان کو ذمہ دار ٹھہرانا درست نہیں، آل راؤنڈر۔

میں اچھا نہیں کھیل سکا، شاداب نے اعتراف کرلیا

قومی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے ورلڈکپ 2023 میں ناقص کارکردگی کی ذمہ داری قبول کرلی۔ 
پاکستانی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے ورلڈکپ 2023 میں گرین شرٹس کی مایوس کن مہم کی ذمہ داری قبول کرلی، ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ میرے پرفارم نہ کرنے کی وجہ سے ٹیم اس حال کو پہنچی۔
 
انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کی سیمی فائنل میں جانے کی آخری امید بھی بجھ گئی، بھارت میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاداب خان کا کہنا تھا کہ میں اپنے آپ سے بھی کافی مایوس ہوں کہ میں توقعات پر پورا نہیں اترسکا، مجھے پرفارم کرنا چاہیے تھا۔،، 
شاداب خان نے کہا کہ کرکٹ میں یہی سبق ہے کہ ہمیشہ خود کو بہتر سے بہتر بنانا ہے، ہرٹورنامنٹ جیتنے کی کوشش کرتے ہیں، پوری ٹیم اور کوچنگ اسٹاف سب ہی اس ناکام مہم پر کافی مایوس ہیں۔،،  
شاداب خان نے اپنی ناقص کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اگر بطور بولر میں پرفارم کرپاتا تو نتیجہ مختلف ہوسکتا تھا، میرا پرفارم کرنا بہت ضروری ہے، وطن واپس  پہنچ کر تجزیہ کروں گا کہ کہاں اور کیا غلطیاں سرزد ہوئیں۔،، 
قومی ٹیم کے نائب کپتان کا مزید کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں ہماری کافی غلطیاں اور کمزوریاں رہیں، اس لیے سیمی فائنل تک نہیں پہنچ سکے، ہم تینوں شعبوں میں ناکام رہے، خاص طور پر بولرز پرفارم نہیں کرسکے، بیٹنگ میں بھی ہمیں جدید دور کی کرکٹ کے مطابق کھیلنا ہوگا۔،، 
اس موقع پر شاداب نے بابراعظم  کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا کلچر ہی ایسا ہے کہ ہر چیز کپتان پر ڈال دی جاتی ہے، بطور ٹیم ہم سبھی اچھا نہیں  کھیلے، اس لیے ہم سب ذمہ دار ہیں، صرف کپتان ہی جیت یا ہار کا ذمہ دار نہیں ہوتا ہے، اس میں سب کا ہی کردار ہوتا ہے۔