news
English

برسبین کی پچ بیٹنگ کیلیے آسان نہیں، اسد شفیق

ہمیشہ کوشش کرتا ہوں کہ ٹیم کے لئے رنز بناؤں، اسد شفیق

برسبین کی پچ بیٹنگ کیلیے آسان نہیں، اسد شفیق فوٹو: اے ایف پی

 اسد شفیق کا کہنا ہے کہ برسبین میں گابا اسٹیڈیم کی پچ بیٹنگ کیلیے مشکل ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین اسد شفیق کا کہنا ہے کہ وکٹیں مسلسل گرنے کے بعد بال کو تھوڑا لیٹ کھیلنے کی حکمت عملی اپنائی اور ٹیم کے ٹوٹل میں بڑا حصہ ڈالنے میں کامیاب رہا، یاسر شاہ نے بھی مشکل وقت میں ساتھ دیتے ہوئے اہم شراکت بنانے میں کردار ادا کیا۔

اسد شفیق کا کہنا تھا کہ آسٹریلوی بولرز نے اچھی لائن لینتھ پر بولنگ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کے لیے مشکلات پیدا کیں، پچ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے امید کی جاسکتی ہے کہ پاکستانی بولرز بھی ابتدا میں ہی وکٹیں حاصل کرتے ہوئے کینگروز کو دباؤ میں لانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

آسٹریلیا میں مسلسل اچھی کارکردگی کے سوال پر اسد شفیق نے کہا کہ ہمیشہ کوشش کرتا ہوں کہ ٹیم کے لئے رنز بناؤں، خوش ہوں کہ اس بار بھی ایسا کرنے میں کامیاب رہا، ٹاپ کوالٹی بولنگ کے خلاف کارکردگی سے لطف اندوز ہورہا ہوں، اعتماد میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

میڈیا میں صلاحیتوں کا زیادہ اعتراف نہ کئے جانے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، صرف پاکستان کے لیے کھیلنے اور کارکردگی دکھانے پر توجہ مرکوز رکھتا ہوں۔