English

برا وقت ختم ہوگیا انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے،شاہین

ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ایک بہتر پلاننگ کے ساتھ ہم میدان میں اترے، شاہین شاہ آفریدی

برا وقت ختم ہوگیا انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے،شاہین PHOTO COURTESY: PCB

فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ میں جیت کو شاندار قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ برا وقت ختم ہوگیا اب ہم انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔

ورچوئل پریس کانفرنس میں انگلینڈ کے خلاف شاندار پرفارمنس پر مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے والے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز ہارنے پر باتیں تو ہوتی ہیں اور جیت پر لوگ تعریف بھی کرتے ہیں، میرے نزدیک جب کارکردگی خراب ہوتو اس وقت بھی سپورٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔ پہلے میچ میں جیت کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے۔ بیٹنگ اور بولنگ میں سب نے بہت زبردست کھیل پیش کیا، جیت سے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے، اگلےمیچز میں بھی کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے، بابر اور رضوان نے اچھی بنیاد رکھی جس سے زیادہ اسکور کا مجموعہ بنا۔

شاہین شاہ آفریدی نے ون ڈے سریز ہارنے پر کوچز کی طرف سے ڈانٹ ڈپٹ کے تاثر کی نفی کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہوتا، مشکل وقت میں کوچز نے ہمیشہ رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی، ون ڈے سیریز میں پرفارمنس اچھی نہیں ہوئی، میرے خیال میں برا وقت چل رہا تھا۔ اب ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ایک بہتر پلاننگ کے ساتھ ہم میدان میں اترے اورسب نے محنت کرکے اس جیت میں اپنا کردار اداکیا۔اس میچ سے اچھی پرفارمنس سے اعتماد میں اضافہ ہواہے، لیونگ اسٹون نے زبردست اننگز کھیلی۔اس کے آوٹ کرنے کی پلاننگ یہ ہی تھی کہ کم سے کم اسٹرائیک دیں اور اخر کار شاداب نے اس کو آؤٹ کرکے جیت کی راہ ہموار کی۔