سری لنکا کو پاکستان پر 80 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے
دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن سری لنکا کی ٹیم پاکستان کے 191 رنز کے جواب میں 271 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میچ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ کھیلا جارہا ہے، قومی ٹیم نے پہلے دن ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 191 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی جب کہ سری لنکا نے 3 کھلاڑیوں کے نقصان پر 64 رنز بنائے تھے۔
ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن سری لنکا نے قومی ٹیم کے 191 رنز کے جواب میں 271 رنز بنائے اور آؤٹ ہوگئی جس کے بعد آئی لینڈرز کو پاکستان پر 80 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 5 اور محمد عباس نے 4 وکٹیں حاصل کیں، 19 سالہ شاہین شاہ آفریدی نے پہلی بار ٹیسٹ اننگز میں 5 وکٹیں لیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ راولپنڈی میں کھیلا گیا تھا جو بارش اور خراب موسم کے باعث ڈرا ہوگیا تھا۔