news
English

شاہین آفریدی کو پریکٹس کی کمی کھٹکنے لگی

گذشتہ سیریز کی کارکردگی انگلینڈ میں بھی دہرانے کی کوشش ہو گی

شاہین آفریدی کو پریکٹس کی کمی کھٹکنے لگی فوٹو: اے ایف پی

شاہین شاہ آفریدی کو پریکٹس کی کمی کھٹکنے لگی، نوجوان پیسر کا کہنا ہے کہ کنڈیشنز میں تبدیلی کی وجہ سے دورۂ انگلینڈ میں مشکل پیش آئے گی۔

بولنگ کوچ وقار یونس کی رہنمائی میں ٹریننگ سے ردھم حاصل کرنے کیلیے محنت کروں گا،کوشش ہوگی کہ گذشتہ سیریز کی کارکردگی انگلینڈ میں بھی دہراؤں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pkکے پروگرام ’’کرکٹ کارنر ود سلیم خالق‘‘میں بات چیت کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں ہمیں مناسب پریکٹس کا موقع نہیں مل سکا، گھر پر ہی جم میں ٹریننگ اور فٹنس پر کام کیا،دورۂ انگلینڈ میں گیند کو چمکانے کیلیے تھوک کے استعمال پر پابندی سمیت کنڈیشنز میں تبدیلی سے بھی مشکل پیش آئے گی، البتہ وہاں ٹریننگ کیلیے اچھا وقت میسر ہوگا، میزبان ٹیم کے ویسٹ انڈیز کیخلاف میچز سے بھی نئی کنڈیشنز کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔

انھوں نے کہا کہ میں سخت ٹریننگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ردھم حاصل کرنے کی کوشش کروں گا، پاکستان میں منعقدہ گذشتہ دونوں ہوم سیریز کے میچز میں اچھی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے کیلیے پْرعزم ہوں،کنڈیشنز میں تبدیلی سمیت مختلف مسائل کے حل کیلیے بولنگ کوچ وقار یونس کی رہنمائی حاصل کروں گا، ماضی میں بھی نیٹس میں سابق کپتان سے جو کچھ سیکھااس کا عملی اظہار انگلش ٹیم کیخلاف کرنے کی کوشش کروں گا۔

شاہین آفریدی نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں کسی حریف بیٹسمین کو بھی غیر اہم نہیں سمجھا جا سکتا،کپتان نے جب بھی گیند تھمائی کوشش ہوگی کہ زیادہ سے زیادہ وکٹیں اڑاؤں، ٹی ٹوئنٹی کی طرح ٹیسٹ کرکٹ کا بھی لطف اٹھاتا ہوں، رواں سال ورلڈکپ نہ بھی ہوتو جس فارمیٹ میں بھی ملک کی نمائندگی کا موقع ملے سو فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔