news
English

شاہین بغیر آرام کے مسلسل اونچی پرواز کا شوقین

ایک سے زائد بار ٹیم مینجمنٹ نے ریسٹ کرنے کا کہا مگر انکار کر دیا،ذرائع

شاہین بغیر آرام کے مسلسل اونچی پرواز کا شوقین فوٹو: آئی سی سی

کراچی: شاہین بغیر آرام کے مسلسل اونچی پرواز کا شوقین ہے جب کہ جنوبی افریقہ سے سیریز میں نوجوان پیسرکی غیرمتاثر کن کارکردگی کو نان اسٹاپ کرکٹ کے سبب تھکاوٹ کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

جنوبی افریقہ سے سیریزکے تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں شاہین شاہ آفریدی  نے 32.33 کی بھاری اوسط سے محض 6 وکٹیں ہی لیں،ٹی 20 سیریز میں تو ان کی کارکردگی مزید غیرمتاثر کن رہی اور 4 میچز میں 44.33 کی ایوریج سے صرف 3پلیئرز کوہی آؤٹ کر سکے،کرکٹ کے حلقے ان کی ایسی کارکردگی کا سبب مسلسل کرکٹ کھیلنے سے تھکاوٹ کا شکار ہونے کو قرار دے رہے ہیں۔

اس حوالے سے استفسار پر پاکستانی ٹیم کے قریبی ذرائع نے بتایاکہ یہ تاثر درست نہیں کہ شاہین کو کوچز آرام  نہیں دینا چاہیے،گذشتہ چند ماہ میں درحقیقت ایک سے زائد بار انھیں پیشکش کی گئی مگر انھوں نے خود زور دے کر میچز میں حصہ لیا،وہ  بغیر وقفہ لیے پاکستان ٹیم کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں،گذشتہ ہوم سیریز میں چیف سلیکٹر محمد وسیم نے بھی ان سے کہا تھا کہ وہ چند میچز میں حصہ نہ لے کر آرام کر لیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ زمبابوے سے سیریز میں شاہین شاہ آفریدی کو ریسٹ کرانا یقینی ہے، رواں سال ورلڈکپ بھی ہونا ہے،کوچز یہ نہیں چاہتے کہ پیسر مسلسل کھیل کر فٹنس مسائل کا شکار ہو جائیں، بولنگ کوچ وقار یونس نے بھی گذشتہ روز ورچوئل میڈیا کانفرنس میں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں نئے بولرز کو آزمانے کا عندیہ دیا ہے۔