پاکستانی پیسر نے بھارت کے خلاف میچ میں 10 اوورز میں صرف35 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دِکھائی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے اپنی شاندار پرفارمنس سے جنوبی افریقی ٹیم کے سابق کپتان اور مسٹر 360 کہلانے والے اے بی ڈی ویلیئرز کو غلط ثابت کردیا۔
ایشیاءکپ کے اہم میچ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان معرکے سے قبل نیپال کے خلاف میچ میں شاہین آفریدی کی بولنگ دیکھ کر سابق جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈی ویلیئرز کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی اچھے ردھم میں نظر نہیں آرہے ہیں، مجھے لگتا ہے انہیں کوئی معمولی انجری ہے تاہم بھارت کے خلاف ہونے والے میچ میں شاہین آفریدی نے 10 اوورز کے کوٹے میں صرف 35 رنز کے عوض بھارت کے 4 ٹاپ بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھائی تاہم میچ بارش کے باعث مکمل نہ ہوسکا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ پر اکتفا کرنا پڑا۔
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نے روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ میں ویرات کوہلی، روہت شرما، ہاردک پانڈیا اور رویندرا جڈیجا کی وکٹیں حاصل کیں۔ جس کے باعث شاہین آفریدی نے ون ڈے کرکٹ میں اہم سنگ میل عبور کرلیا۔
پاکستانی فاسٹ بولر نے یہ سنگ میل ہفتے کو کینڈی میں بھارت کے خلاف ایشیاءکپ کے گروپ اے کے اہم میچ کے دوران حاصل کیا۔ پاکستان کے بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز شاہین شاہ آفریدی نے بھارت کے خلاف میچ کے دوران 250 بین الاقوامی وکٹیں حاصل کرنے کا سنگ میل عبور کیا۔
بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر کی اس شاندار کامیابی نے انہیں لیجنڈری پاکستانی بولرز وقار یونس اور ثقلین مشتاق کی صف میں شامل ہونے والا تیسرا پاکستانی بولر بنادیا ہے۔
اس کارنامے نے انہیں 24 سال کا ہونے سے پہلے یہ اعزاز حاصل کرنے والا مجموعی طور پر 7واں بولر بھی بنا دیا۔ شاہین کی تیز رفتار، لائن اور لینتھ کی درستی اور سوئنگ کے مہلک امتزاج نے انہیں دنیا بھر کے بلے بازوں کے لیے ایک ڈراؤنا خواب بنا دیا ہے۔
واضح رہے کہ ہفتے کے روز میچ بارش کی نذر ہوجانے کی وجہ سے پاکستان بیٹنگ نہیں کرسکا تھا، تاہم نیپال کو ہرانے اور بھارت کے ساتھ میچ میں ایک پوائنٹ حاصل کرنے سے پاکستان سپر 4 مرحلے کے لئے کوالیفائی کرچکا ہے تاہم بھارت کو نیپال سے لازمی میچ جیتنا ہوگا۔ اگر روایتی حریف بھارت نیپال کو شکست دیتا ہے تو 10 ستمبر کو سپر فور مرحلے میں پاک بھارت ٹیمیں ایک بار پھر مدمقابل آسکتی ہیں۔