news
English

شاہین آفریدی نے ٹی 20 کرکٹ میں ایک اورسنگِ میل عبور کرلیا

شاہین آفریدی نے یہ کارنامہ لاہور میں ہونے والے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کے پانچویں میچ کے دوران انجام دیا/

شاہین آفریدی نے ٹی 20 کرکٹ میں ایک اورسنگِ میل عبور کرلیا

قومی ٹیم کے مایہ ناز پیسر شاہین آفریدی نے ٹی 20 کرکٹ میں ایک اور منفرد کارنامہ انجام دے دیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے یہ سنگ میل لاہور میں کھیلے جانے والے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز کے پانچویں میچ کے دوران عبور کیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹیم پاکستان کے فاسٹ بولرشاہین آفریدی ٹی ٹونٹی کرکٹ میں شاندار سنگ میل عبور کرتے ہوئے مختصر ترین فارمیٹ میں اپنے پہلے ہی اوور میں 50 وکٹیں لینے والے پہلے بولر بن گئے ہیں۔
شاہین آفریدی نے یہ کارنامہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان لاہور میں کھیلے گئے سیریز کے پانچویں میچ کے دوران اس وقت انجام دیا جب انہوں نے ابتدائی اوور میں ٹام بلنڈل کو آؤٹ کیا، اس وقت پاکستانی ٹیم 179 رنز کے ہدف کا دفاع کر رہی تھی۔
بائیں ہاتھ کے تیزگیندباز نے راولپنڈی ایکسپریس کے ٹریڈ مارک انداز میں وکٹ ملنے پر جشن منا کر اسٹیڈیم میں موجود شعیب اختر کو خراج تحسین پیش کیا۔ شاہین آفریدی کے پہلے اوور میں 50 وکٹوں کی تعداد انہیں فاسٹ بولرز کی فہرست میں سب سے اوپر رکھتی ہے۔ اس کے بعد بھارت کے بھوونیشور کمار 43 وکٹیں لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔ آفریدی اور بھوونیشورکمار کے بعد انگلینڈ کے ڈیوڈ ولی 41 اور پاکستان کے محمد عامر اور سہیل تنویر بالترتیب 38 اور پہلے اوور کی 35 وکٹوں کے ساتھ اس منفرد فہرست میں موجود ہیں۔ میچوں میں ابتدائی اوورز میں وکٹیں اڑانے کی شاہین آفریدی کی صلاحیت ٹیم پاکستان کے لیے ایک قابلِ قدر اثاثہ رہی ہے جس نے انھیں اہم کامیابیاں فراہم کیں اور بقیہ اننگز کے لیے میدان میں ٹیم پاکستان کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔