news
English

شاہین آفریدی اپنی صلاحیتوں کی مزید جھلکیاں دکھانے کے خواہشمند

لاہورقلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی پی ایس ایل میں آل راؤنڈ صلاحیتوں کی دھاک بٹھانے کے خواہاں ہیں۔

شاہین آفریدی اپنی صلاحیتوں کی مزید جھلکیاں دکھانے کے خواہشمند

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ فٹنس مسائل کی وجہ سے باہر بیٹھ کر میچ دیکھنا بہت مشکل وقت تھا جو گزر چکا ہے، اب مکمل فٹ اور کھیلنے کے لیے بیتاب ہوں، نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ری ہیب پلان کے تحت ٹریننگ سے فٹنس بحال ہوئی۔

انھوں نے کہا کہ میں نے بولنگ کے ساتھ بیٹنگ میں بہتری کے لیے بھی پریکٹس کی ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر پاور ہٹنگ کرسکوں، موجودہ کرکٹ میں انسان کو ہرشعبے میں پرفارم کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، میری کوشش ہے کہ بطور آل راؤنڈر خود کو منواؤں۔

لاہور قلندرز کے کپتان نے کہا کہ پی ایس ایل سے پہلے پریکٹس میچز کھیل کر میچ فٹنس بھی حاصل کرلوں گا، لیگ میں پرفارم کرنا ہمیشہ ہی بہت اچھا لگتا ہے،اس بار بھی کوشش ہوگی کہ لاہور قلندرز کے پرستاروں کی توقعات پر پورا اتروں۔

شاہین آفریدی نے بتایا کہ بھائی ریاض آفریدی میرے آئیڈیل ہیں اور وہ اب بھی رہنمائی کرتے رہتے ہیں، میں ان کے مشوروں پر عمل کرکے خامیوں کو دور کرنے پر توجہ دیتا ہوں، فاسٹ بولنگ میں ہر دن اور ہر میچ میں ایک نیا چیلنج ہوتا ہے، سیکھنے کا عمل ہروقت جاری رہتا ہے۔

شاہد آفریدی کی بیٹی کے ساتھ نکاح کے متعلق سوال پر شاہین نے کہا کہ یہ بھی ایک ضروری فریضہ ہے جس کا وقت اب آرہا ہے۔