بیٹرز کی رینکنگ میں بابراعظم اور بھارت کے اوپنر شبھمن گل کے درمیان 2 پوائنٹس کا فاصلہ رہ گیا۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ ون ڈے کرکٹ کی نئی رینکنگ میں قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
آئی سی سی کی تازہ ترین رینکنگ کے مطابق ون ڈے میں بالرز کی رینکنگ میں شاہین شاہ آفریدی 673 ریٹنگ پوائنٹس کے ہمراہ پہلی پوزیشن پر آگئے ہیں جبکہ آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ 663 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ 656 پوائنٹس کے ہمراہ محمد سراج تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔
آئی سی سی ون ڈے بالرز رینکگ میں شاہین شاہ آفریدی کے علاوہ کوئی پاکستانی ٹاپ 10 میں موجود نہیں ہے۔
دوسری جانب بیٹرز کی رینکنگ میں مسلسل آؤٹ آف فارم بابراعظم کے ریٹنگ پوائنٹس میں گراوٹ کا سلسلہ برقرار ہے، وہ 818 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر قابض ہیں جبکہ بھارتی بیٹر شبمن گل 816 پوائنٹس کے ہمراہ دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ انہیں کپتان بابراعظم کو نمبر ون کی پوزیشن سے ہٹانے کے لئے صرف ایک بڑی اننگز درکار ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں جاری آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 2023 کے دوران 7 میچوں میں شاہین شاہ آفریدی 17 وکٹوں کے ساتھ سرِ فہرست ہیں وہ ورلڈ کپ میچز میں ابتک سب سے وکٹیں حاصل کرنے والے بولر ہیں۔