news
English

شاہین آفریدی نے ٹی 20 کرکٹ میں بھوونیشور کمار کا ریکارڈ توڑدیا

آفریدی نے یہ کارنامہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان راولپنڈی میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ کے دوران انجام دیا۔

شاہین آفریدی نے ٹی 20 کرکٹ میں بھوونیشور کمار کا ریکارڈ توڑدیا

قومی ٹیم کے پیسر شاہین آفریدی نے ٹی 20کرکٹ میں بھوونیشور کمار کا ریکارڈ توڑ دیا، انہوں نے یہ کارنامہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان راولپنڈی میں پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ کے دوران انجام دیا۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین آفریدی نےٹی 20 کرکٹ میں شاندار سنگ میل عبور کرتے ہوئے مختصرفارمیٹ میں پہلے اوور میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ 
شاہین آفریدی نے یہ کارنامہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان راولپنڈی میں ہونے والی ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ کے دوران انجام دیا جب انہوں نے سیریز کے ابتدائی اوور میں ٹم رابنسن کو آؤٹ کیا۔ 
شاہین آفریدی اپنے پہلے اوور میں 47 وکٹیں لینے کی وجہ سے اس فہرست میں موجود دوسرے نمایاں بولرز کو پیچھے چھوڑتے ہیں۔ وہ 47 وکٹوں کے ساتھ اس فہرست میں نمبرون ہیں، اس کے بعد بھارت کے بھوونیشور کمار 46 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے محمد عامر 43 وکٹوں کے ساتھ فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ انگلینڈ کے ڈیوڈ ولی پہلے اوور میں 42 وکٹیں لے کر ٹاپ فور بولرزمیں شامل ہیں۔ 
شاہین آفریدی کی میچوں میں ابتدائی وار کرنے کی صلاحیت پاکستان کے لیے کلیدی اثاثہ رہی ہے، جس نے انہیں اہم کامیابیاں فراہم کیں اور بقیہ اننگز کے لیے بھی سبقت کا ماحول ترتیب دیا۔ پہلے اوور میں ان کی مسلسل کارکردگی نہ صرف اپوزیشن پر دباؤ ڈالتی ہے بلکہ ان کی ٹیم کی کامیابی کے امکانات کو بھی بہتر بناتی ہے۔ 
غور طلب امر یہ ہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا افتتاحی میچ جمعرات کو راولپنڈی میں مسلسل بارش کے باعث صرف دو گیندوں کے بعد منسوخ کر دیا گیا تھا۔