news

کپتانی کی افواہیں مسترد، پاکستان کی نمائندگی پر توجہ دینے کا عہد

اپنی دستیابی ظاہر کر دی ہے، اب مجھے نہیں معلوم کہ میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیل رہا ہوں یا ڈراپ ہو رہا ہوں، شاہین آفریدی۔

کپتانی کی افواہیں مسترد، پاکستان کی نمائندگی پر توجہ دینے کا عہد

قومی ٹیم کے پیسرشاہین آفریدی نے کہا ہے کہ وہ کپتانی کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے لیے کرکٹ کھیلتے ہیں۔ کپتان ہوں یا نہ ہوں ہمیشہ پاکستان کے لیے اسی لگن کے ساتھ کھیلتے رہیں گے۔
شاہد آفریدی فاؤنڈیشن انڈر 16 کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل کے موقع پر شاہین خان آفریدی نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریڈ بال کرکٹ ہی اصل کرکٹ ہے، جس سے اسکلز میں بہتری آتی ہے، میرا کام کرکٹ کھیلنا ہے، لوگوں کی باتوں پر غور نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ منفی سوچ کے لوگ بیچ میں آجاتے ہیں لیکن میں اپنی پرفارمنس پر فوکس رکھتا ہوں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ اپنے ملک کے لیے فخر سے کھیلوں گا، منفی چیزوں کی طرف دیکھوں گا بھی نہیں۔
فاسٹ بولر شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ٹیم کے گیارہ کھلاڑی آپس میں اچھے دوست ہونے چاہئیں، ایک ہی ملک اور ٹیم کے لیے کھیلتے ہیں تو کھلاڑیوں کے درمیان  ایک زبردست اتحاد ہونا چاہیے، میری تربیت اچھی ہوئی ہے، ٹیم کے لیے فائٹ کرنا سکھایا گیا ہے، اس لیے ہمیشہ گرائونڈ میں فائٹ کرتا ہوں۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف آرام نہیں کر رہا سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں، پاکستان کے لیے کرکٹ کھیلتا ہوں، کپتانی کے لیے نہیں، میرے لیے پاکستان سب سے پہلے آتا ہے، پھر ٹیم ہے اور اس کے بعد میں ہوں۔ 
شاہین آفریدی نے ٹیم میں اختلافات اور گروپنگ کی خبروں پر کہا کہ میری تربیت ایسی نہیں کہ ٹیم کے مفاد کے خلاف کچھ کروں۔ میں ہمیشہ ملک کے لیے کھیلتا ہوں۔ 
فاسٹ بولر نے آئندہ ماہ بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ریسٹ کے حوالے سے خبروں پر کہا کہ میں نے ٹیسٹ سیریز کے لیے اپنی دستیابی ظاہر کر دی ہے، اب مجھے نہیں معلوم کہ میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیل رہا ہوں یا ڈراپ ہو رہا ہوں۔،، 
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں پاکستان کی بدترین کارکردگی کے بعد قومی ٹیم پر تنقید ہونے کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں میں گروپنگ اور اختلافات کی خبریں بھی میڈیا میں گردش کررہی ہیں۔