news
English

  بابراعظم کی خراب فارم پر کپتان شاہین کا بیان بھی سامنے آگیا

آسٹریلیا میں اپنی بولنگ اسپیڈ 130 کلومیٹر فی گھنٹہ دیکھ کر خود بھی حیران تھا، کپتان ٹی20 ٹیم  

   بابراعظم کی خراب فارم پر کپتان شاہین کا بیان بھی سامنے آگیا

قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے سابق کپتان بابراعظم کی خراب فارم پر اپنے تاثرات کا اظہار کردیا۔ 
نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ سے قبل ہمارے پاس 17 میچز ہیں جس میں ہم مختلف کمبینیشنز آزمانا چاہتے ہیں تاکہ میگا ایونٹ میں ہمارے پاس اچھی بینچ اسٹرینتھ موجود ہو۔  
انہوں نے بابراعظم کے آؤٹ آف فارم ہونے کے حوالے سے کہا کہ ایک یا دو اننگز سے کوئی فرق نہیں پڑتا، وہ ہمارے بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں، ہر کھلاڑی پر ایسا ٹائم آتا ہے لیکن پلئیرز انہیں سپورٹ کررہے ہیں۔  
قومی ٹیم کے کپتان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اپنی بولنگ کی رفتار کم ہونے کے سوال کا مزاحیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ میچ کے دوران اپنی بولنگ اسپیڈ دیکھ کر خود حیران تھا ہر ڈیلیوری پر 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کیوں لکھا آرہا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ کینگروز کے خلاف ابتدائی دو ٹیسٹ میچز میں زیادہ اوورز کروانے کی وجہ سے تھکاوٹ کا شکار تھا جس کی وجہ سے ٹیم مینجمنٹ نے آرام کروایا۔  
ٹی20 ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ ہم آئی سی سی ایونٹس میں وہ نتائج حاصل نہیں کرسکے جس کی ہماری قوم توقع کررہی ہے، اپنی غلطیوں پر قابو پاکر ملک کیلئے ٹرافی جیتنے کی کوشش کریں گے۔ 
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں پاکستان کے لیے نئے مقرر کردہ کپتان شاہین آفریدی نے اشارہ دیا ہے کہ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ پانچ میچوں کی سیریز کے دوران مختلف پلیئر کمبی نیشن کا تجربہ کرے گی۔ 
جمعرات کے روز ایک پریس کانفرنس میں بات چیت کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے ٹیم میں ہر کھلاڑی کے لیے مثالی پوزیشن کے تعین کی اہمیت پر زور دیا۔ 
“کچھ نوجوان کھلاڑی واپس آ رہے ہیں جیسے اعظم خان، عامر جمال اور صاحبزادہ فرحان اور کچھ نئے کھلاڑی ہیں جیسے حسیب اللہ اور عباس آفریدی۔ ہم امید کر رہے ہیں کہ ورلڈ کپ سے قبل ان پانچ اور آنے والے میچوں میں انہیں موقع دیا جائے گا،‘‘
شاہین آفریدی نے بابر اعظم اور محمد رضوان کو پاکستان کے لیے بہترین اوپننگ جوڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ کے ساتھ سیریز میں اسی اوپننگ جوڑی کو برقرار رکھیں گے۔