news
English

قیادت میں ممکنہ تبدیلی: بورڈ نے شاہین کو تاحال اعتماد میں نہیں لیا

حکام بابراعظم کو قائل کرنے کے لیے کوشاں،پلان بی کے طور پر رضوان بھی موجود ہیں۔

قیادت میں ممکنہ تبدیلی: بورڈ نے شاہین کو تاحال اعتماد میں نہیں لیا

قومی ٹیم کی قیادت میں ممکنہ تبدیلی کے حوالے سے پی سی بی نے تاحال شاہین شاہ آفریدی کو اعتماد میں نہیں لیا۔ 
قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی میں تبدیلی کی اطلاعات کئی روز سے زیر گردش ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی حکام سابق کپتان بابراعظم کو ایک بارپھرذمہ داری سونپنے کا تقریبا ذہن بناچکے ہیں، البتہ وہ اپنے سابقہ تجربے کی وجہ سے بعض یقین دہانیاں چاہتے ہیں، پلان بی کے طور پرمحمدرضوان بھی موجود ہیں، اگر بابرکونہ منایا جاسکا تو ذمہ داری وکٹ کیپر بیٹر کو سونپ دی جائے گی۔ 
اس تمام صورتحال میں سب سے حیران کن بات یہ ہے کہ ٹی 20 ٹیم کے موجودہ کپتان شاہین شاہ آفریدی کو تاحال بورڈ نے اعتماد میں نہیں لیا 

قریبی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نہ ہی کسی اور آفیشل نے شاہین سے کوئی رابطہ کیا ہے، انھیں بھی میڈیا رپورٹس سے ہی پتا چلا کہ قیادت سے ہٹانے کی بات چیت چل رہی ہے۔  
واضح رہے کہ شاہد آفریدی سمیت کئی سابق کرکٹرزصرف ایک سیریزکے بعد شاہین کی ممکنہ برطرفی کو ناانصافی قراردےرہے ہیں، بعض حلقوں نے اس بات پر بھی حیرانی ظاہر کی کہ شاہین سے کسی آفیشل نے ابھی تک کوئی بات نہیں کی، ان کے مطابق اگرکپتانی سے ہٹایاجارہا ہے تو بورڈ کا فرض ہے کہ شاہین کو اعتماد میں لیا جائے، اگر ایسا کچھ نہیں ہورہا تو بھی انھیں آگاہ کرنا چاہیے تاکہ غیریقینی کی فضاختم ہو۔ 

شاہین آفریدی نے پی ایس ایل کے دوران ہی ورلڈکپ 2024 کی حکمت عملی تشکیل دینا شروع کر دی تھی، عمادوسیم اورمحمدعامرکو ریٹائرمنٹ واپس لینے پر قائل کرنے میں بھی ان کا اہم کردار ہے،انھوں نے ٹیم کی مضبوطی کے لیے سابق اسٹارزسے رابطہ کیا تھا،البتہ اب تک کی اطلاعات سے ایسا ہی لگتا ہے کہ شاید وہ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شیڈول ورلڈکپ 2024 میں بطور کپتان حصہ نہیں لے سکیں گے۔