news

شاہین آفریدی کی یارکر بال نے افغانستان کے گُرباز کو اسپتال پہنچا دیا

آسٹریلیا کے شہر برسبین میں کھیلے گئے وارم اپ میچ میں شاہین آفریدی کی تیز گیند پر افغان اوپنر زخمی ہوگئے۔

شاہین آفریدی کی یارکر بال نے افغانستان کے گُرباز کو اسپتال پہنچا دیا

میچ کے آغاز پر پہلے اوور کی پہلی ہی گیند پر شاہین آفریدی نے یارکر بال کرائی جس پر اوپنر رحمٰن اللہ گرباز آؤٹ تو ہوئے ہی لیکن بدقسمتی سے زخمی بھی ہوگئے۔

شاہین کی یارکر گیند وکٹ کیپر بیٹر گرباز کے بائیں پاؤں میں لگی جس کے بعد وہ شدید تکلیف کا شکار نظر آئےاور انہیں گراؤنڈ سے پیٹھ پر اٹھا کر لے جایا گیا۔

بعدازاں گیم ختم ہونے کے بعد شاہین اور بابراعظم گُرباز کی خیریت دریافت کرنے ڈریسنگ روم بھی گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹس کے مطابق گرباز کو زخمی ہونے کے بعد اسپتال لے جایا گیا ہے جہاں ان کا معائنہ کیا جائے گا اور طبی امداد دی جائے گی۔

تاہم پاکستان اور افغانستان کا میچ نتیجے پر پہنچنے سے پہلے ہی بارش کے باعث ختم کردیا گیا۔

واضح  رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں افغانستان کا انگلینڈ سے ہفتے کے روز میچ ہوگا۔