news
English

شاہین آفریدی اور محمد رضوان نے اہم سنگِ میل عبورکرلیے

پی سی بی کے سربراہ محسن نقوی نے میچ کے بعد اس کامیابی پر شاہین اور رضوان دونوں کو مبارکباد دی۔

شاہین آفریدی اور محمد رضوان نے اہم سنگِ میل عبورکرلیے

شاہین آفریدی اور محمد رضوان نے آئرلینڈ کے خلاف دوسرے  ٹی 20 انٹرنیشنل کے دوران اہم سنگ میل عبور کر لیے ہیں۔ میچ کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اس کامیابی پر شاہین اور رضوان دونوں کو مبارکباد دی۔ 
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے پیسر شاہین آفریدی نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا ایک اور سنگ میل عبور کرلیا، 24 سالہ کھلاڑی بین الاقوامی کرکٹ میں 300 وکٹیں مکمل کرنے والے پانچویں سب سے کم عمرگیندبازبن گئے۔
ٹیم پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنے 300شکار مکمل کرکے اپنے انٹرنیشنل کیریئرکا ایک اور کارنامہ سر انجام دے دیا، انھوں نے یہ سنگ میل آئرلینڈ کے ساتھ جاری سیریز کے دوسرے ٹی 20 میچ میں عبور کیا، انھوں نے 49 رنزکے عوض 3 پلیئرز کو میدان بدر کیا۔ 
شاہین آفریدی کی 300 وکٹیں 145 انٹرنیشنل مقابلوں میں مکمل ہوئیں، شاہین اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں 113 جبکہ ون ڈے کرکٹ میں 104 وکٹیں اپنے نام کرچکے ہیں جبکہ مختصر فارمیٹ میں ان کے شکار کیے گئے بلے بازوں کی تعداد 84 ہے۔ 
پاکستان کے تیز گیند باز شاہین شاہ آفریدی نے اتوار کو ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل کے دوران ایک منفرد سنگ میل عبور کیا۔ 24 سالہ کھلاڑی نے آئرش کپتان پال اسٹرلنگ کو آؤٹ کرنے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی 300 وکٹیں مکمل کیں۔ وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے دنیا کے پانچویں سب سے کم عمر گیند باز بھی بن گئے ہیں۔ 145 میچوں پر محیط شاندار کیریئر میں شاہین آفریدی اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں 113، ون ڈے میں 104 اورٹوئنٹی 20 کرکٹ میں 84 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
یاد رہے کہ 300 بین الاقوامی وکٹیں حاصل کرنے والے سب سے کم عمر گیند باز ہونے کا اعزاز وقار یونس کے پاس ہے جنہوں نے 22 سال 117 دن کی عمر میں یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا جبکہ ثقلین مشتاق 22 سال 164 دن کی عمر میں 300 وکٹیں مکمل کرکے دوسرے، افغان لیگ اسپنر راشد خان 23 سال 265 دن کی عمر میں یہ اعزاز حاصل کرکے تیسرے اور جنوبی افریقہ کے پیسر کگیسو ربادا 23 سال 285 دن کی عمر میں 300 انٹرنیشن وکٹیں مکمل کرنے والے دنیا کے چوتھے بولر ہیں۔       
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے شاہین آفریدی کو ان کی اس کامیابی پر مبارکباد دی اور انہیں پشت پر 300 اک ہندسہ پرنٹ کی گئی خصوصی شرٹ پیش کی۔ 
300 بین الاقوامی وکٹیں حاصل کرنے والے کم عمر ترین گیند بازوں کی تفصیل: 
22 سال 117 دن – وقار یونس۔ (پاکستان)
22 سال 164 دن – ثقلین مشتاق۔ (پاکستان) 
23 سال 265 دن – راشد خان۔ (افغانستان) 
23 سال 285 دن – کاگیسو ربادا۔ (جنوبی افریقہ) 
24 سال 36 دن - شاہین شاہ آفریدی۔ (پاکستان) 
اسی میچ میں پاکستان کے وکٹ کیپر محمد رضوان کو 46 گیندوں پر ناقابل شکست 75 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔ ان کی اننگز، جس میں چھ چوکے اور چار چھکے شامل تھے، نے پاکستان کے 194 رنز کے ہدف کے کامیاب تعاقب میں اہم کردار ادا کیا اور سیریز1-1 سے برابر کر دی۔ اس ایوارڈ کے ساتھ رضوان اب پاکستان کے لیے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ پلیئر آف دی میچ ایوارڈز (12) کا ریکارڈ اپنے نام کر چکے ہیں۔ 
میچ کی پل پل بدلتی صورتحال پر غور کرتے ہوئے، رضوان نے معروف کرکٹر ویرات کوہلی سے متاثر ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے حالات اور کھیل کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کی اہمیت پر زور دیا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ ایوریج دیکھیں تو آپ اوسط درجے کے کھلاڑی ہیں۔ اگر آپ حالات کو دیکھتے ہیں اور کھیل کا مطالبہ کیا ہے جو آپ کو بہتر بنائے گا۔ ہم نے ویرات کوہلی سے بہت کچھ سیکھا ہے، میں ان کا احترام کرتا ہوں۔،،
انہوں نے آئرلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی 20 میں جیت کے بعد میچ کے بعد کی پریزینٹیشن میں اظہارِخیال کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمارے خلاف بہت اچھا کھیلا۔ یہ کوئی آسان تعاقب نہیں تھا کیونکہ آئرلینڈ کے بؤلرز اپنی کنڈیشنز کو بہتر جانتے تھے، انہوں نے ہمیں پہلے ہی ٹف ٹائم دیا، لیکن ہم نے فیصلہ کیا کہ 194 کا تعاقب کرتے ہوئے ہمیں اٹیک کرنا ہے۔،،
انہوں نے مزید کہا کہ جب آپ ہار جاتے ہیں تو آپ ہمیشہ دباؤ میں رہتے ہیں، اس لیے ہر کسی کا مقصد جیت حاصل کرنا ہوتا ہے۔،، 
ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ پلیئر آف دا میچ کا اعزاز حاصل کرنے والے پاکستانی کھلاڑی: 

محمد رضوان - 12بار (95 میچ) 
شاداب خان - 11 بار (98 میچ) 
شاہد آفریدی - 11 بار (98 میچ) 
محمد حفیظ - 11 بار (119 میچ) 
بابر اعظم - 9 بار (116 میچ)