news
English

’’قلندرز کی کپتانی کرکے شاہین نے بہت لوگوں کو غلط ثابت کیا‘‘  

شاہین آفریدی کا بےخوف رویہ ایک ایسی خصوصیت ہے جو ہر لیڈر میں ہونا چاہیے، فخر زمان

’’قلندرز کی کپتانی کرکے شاہین نے بہت لوگوں کو غلط ثابت کیا‘‘  

قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شاہین آفریدی کی کپتانی نے میرے شکوک و شبہات کو غلط ثابت کیا۔ 
کرکٹ پاکستان کو دیئے گئے انٹرویو میں فخر زمان نے کہا کہ وہ نوجوان کرکٹر ہیں، مجھے انکا بطور کپتان آخری گیند تک لڑنے کا جذبہ بہت پسند ہے۔ پی ایس ایل کے دوران شاہین نے کپتانی کرکے مجھ سمیت بہت سے لوگوں کو غلط ثابت کیا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کے کپتان بننے کے بعد شاہین بولنگ اور بیٹنگ دونوں میں بہتر دکھائی دیئے جبکہ انکا بےخوف رویہ ایسی خصوصیت ہے جو ہر کسی لیڈر میں ہونی چاہیے۔  
اوپنر نے کہا میری دعا ہے کہ نو منتخب ٹی20 کپتان شاہین شاہ آفریدی کو فٹنس کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے، جیسا کہ ہم نے 2023 کے ورلڈکپ میں نسیم شاہ اور دیگر کے معاملات میں دیکھا، ایک یا اس سے زائد کھلاڑیوں کا نقصان اٹھانے سے مجموعی طور پر ٹیم کی کارکردگی پرفرق پڑتا ہے، مجھے امید ہے کہ وہ اپنی کپتانی میں بڑی کامیابیاں حاصل کریں گے۔ 
واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں قومی ٹیم کی ناقص پرفارمنس کے بعد بابراعظم نے تینوں فارمیٹس سے استعفیٰ دے دیا تھا اور قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض سے سبکدوش ہوگئے تھے۔  
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابراعظم کے بعد شان مسعود کو ٹیسٹ اور شاہین آفریدی کو ٹی20 میں قیادت سونپ دی تھی جبکہ ون ڈے فارمیٹ کیلئے کپتان کا اعلان نہیں کیا گیا۔ 
شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں قومی ٹیم اگلے سال نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کھیلے گی۔