قومی ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر ٹی20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں فیلڈنگ کے دوران انجری کا شکار ہوگئے تھے
قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے انجری کے بعد اپنی باؤلنگ کی رفتار میں کمی کے بارے میں خدشات کا تسلی بخش جواب دے دیا۔
آسٹریلیا میں شیڈول ٹی20 ورلڈکپ کے فائنل میں انجری کا شکار ہونے والے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ وکٹیں لینا رفتار بڑھانے سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے، میری کوشش ہے کہ صلاحیتوں میں اضافہ کرکے اپنی بالنگ کی رفتار کو بحال کروں۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ انجری کے بعد ان کی بالنگ اسپیڈ میں کمی ہوئی ہے تاہم ری ہیب کرکے ٹیم میں واپس آیا ہوں۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اور انٹرنیشنل کرکٹ کھیل کر اعتماد بحال کیا ہے، وقت کے ساتھ ساتھ جتنا کھیلوں گا پرفارمنس میں اتنی ہی بہتری لاؤں گا۔
قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجا نے نیوزی لینڈ کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی ون ڈے سیریز کے دوران شاہین آفریدی کی باؤلنگ کی رفتار میں کمی پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
رمیز راجا کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی کو بھی اپنی گیندبازی میں تھوڑی ویریئیشن لانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ ان پچز پر مزید موثر کردار ادا کرسکیں۔ مان لیں کہ 10 اوور کا اسپیل ہے، پھر میں سمجھ سکتا ہوں کہ 2، 3 اوورز میں زیادہ رفتار نہیں لگارہے لیکن انہیں تھوڑی اسپیڈ بڑھانی ہوگی۔
رمیز راجہ کا کہنا تھا پچز پر مؤثر کردار نبھانے اور مخالف ٹیم کی وکٹیں لینے کے لیے شاہین شاہ کو اپنی بولنگ تکنیک میں ویری ایشن لانی ہوگی، سابق چیئرمین پی سی بی نے ساتھ ہی شاہین کو اپنی بالنگ کی اسپیڈ بڑھانے کا بھی مشورہ دیا تھا۔