news
English

میرے صبر کو نہ آزمانا: شاہین آفریدی نے خبردار کردیا

شاہین آفریدی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے کپتانی کے عہدے سے ہٹائے جانے کے حوالے سے رابطے میں کمی پر ناخوش تھے۔

میرے صبر کو نہ آزمانا: شاہین آفریدی نے خبردار کردیا

پاکستان کے تیز گیند باز، شاہین آفریدی نے جمعہ کے روز اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک طرح کا خفیہ پیغام پوسٹ کیا، جس میں ٹی ٹوئنٹی میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان کے طور پر اپنے کردار سے اچانک فارغ کردیئے جانے کے حوالے سے اشارے دیئے گئے ہیں۔ 
شاہین آفریدی نے 2023 ون ڈے ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کے قبل از وقت باہر ہونے کے بعد بابراعظم کے تمام فارمیٹس میں کپتانی سے دستبردار ہونے کے فیصلے کے بعد ٹی 20 ٹیم کی کپتانی سنبھالی تھی۔ 
بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر کی کپتانی کے دور کا آغاز اس سال کے شروع میں نیوزی لینڈ کے خلاف ان کے ہوم گراؤنڈ پر سیریز میں 4-1 سے مایوس کن شکست کے ساتھ ہوا۔ تاہم، ان کی قیادت کا دور صرف ایک سیریز کے بعد ختم کر دیا گیااور بابر اعظم کو 31 مارچ کو پاکستان کے وائٹ بال کپتان کے طور پر بحال کر دیا گیا۔ 
ذرائع کے مطابق آفریدی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے کپتانی کے عہدے سے ہٹائے جانے کے حوالے سے رابطے میں کمی سے ناخوش تھے۔ 23 سالہ کھلاڑی پی سی بی کے جاری کردہ ایک بیان سے بھی پریشان ہو گئے تھے، جوٹی 20 ٹیم کی کپتانی سے ہٹائے جانے کے بعد جاری کیا گیا تھا، جس میں ایسے الفاظ شامل کیے گئے تھے جو ان کی طرف سے بولے ہی نہیں گئے تھے۔ پی سی بی نے اس غلطی کو تسلیم کرتے ہوئے آفریدی کو آگاہ کیا کہ یہ ایک غلطی تھی۔ 
شاہین آفریدی نے اپنی تازہ ترین انسٹاگرام اسٹوری میں انتباہ کا تاثر دیا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ شاہین آفریدی اپنی شخصیت کے ایک ایسے پہلو کو ظاہر کرنے کے لیے تیار ہیں جس کا دوسروں نے اندازہ نہیں کیا ہوگا،اس پوسٹ سے قیاس کیا جارہا ہے کہ اگر ان کے صبر کا امتحان ان کی حد سے بڑھ جاتا ہے تو مستقبل میں کئی طرح کے مسائل کی وجہ بن سکتا ہے۔ 
شاہین آفریدی کی پوسٹ میں لکھاگیا ہے کہ مجھے کبھی بھی ایسی پوزیشن میں نہ ڈالیں جہاں میں آپ کو دکھاؤں کہ میں کتنا ظالم اور بے رحم ہو سکتا ہوں۔ میرے صبر کا امتحان مت لیں، کیونکہ میں شاید سب سے مہربان اور پیارا شخص ہوں جس سے آپ کبھی ملے ہوں، لیکن ایک بار جب میں اپنی حد تک پہنچ جاؤں گا، تو آپ مجھے وہ کام کرتے دیکھیں گے جو کسی نے نہیں سوچا تھا کہ میں کرنے کے قابل ہوں۔،، 
دوسری جانب غیر منصفانہ طور پر کپتانی سے ہٹائے جانے کے باوجود، شاہین آفریدی نے صبرواستقامت سے ٹیم کے ساتھ آگے بڑھنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔