لاہور قلندرز کے ہیڈکوچ اور سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ ٹی20 فارمیٹ میں پاکستان کو شاہین آفریدی کی طرح کے جارح مزاج کپتان کی ضرورت ہے۔
لاہور قلندرز کے ہیڈکوچ عاقب جاوید نے بھی بابر اعظم کی کپتانی کے حوالے سے اپنی رائے ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابر بڑے فارمیٹ کی کرکٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور انہیں طویل فارمیٹ کی کرکٹ یعنی ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ میں ٹیم کی قیادت جاری رکھنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے نقطہ نظر سے بات کروں تو مستقبل میں ہمارے پاس زیادہ ٹی20 کرکٹ نہیں، ورلڈکپ کو مدنظر رکھتے ہوئے شاہین کو بطور ٹی20 کپتان قومی ٹیم کی قیادت کرنی چاہیے۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ شاہین آفریدی کی قائدانہ صلاحیتیں سب کے سامنے ہیں، پی ایس ایل میں کوئی بھی ٹیم لگاتار 2 بار ٹائٹل نہیں جیت سکی لیکن شاہین کی کپتانی میں لاہور قلندرز نے یہ کرکے دکھایا، میرے خیال میں شاداب اور بابراعظم کی کپتانی میں قومی ٹیم جارحانہ مزاج سے نہیں کھیل رہی۔
انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی دلیرانہ فیصلے کرنے کے لئے جانے جاتے ہیں، ان فیصلوں کی وجہ سے ہی وہ بعض اوقات تنقید کی زد میں بھی رہتے ہیں۔