قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا ناٹنگھم شائر کاؤنٹی کرکٹ کلب سے معاہدہ طے پاگیا، ٹی20 بلاسٹ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔
آئندہ ہونے والے 2023 وائٹلٹی بلاسٹ میں ناٹنگھم شائر آؤٹ لاز اسکواڈ میں ایک بڑا اور اہم اضافہ دیکھنے کو ملے گا کیونکہ انہوں نے جمعرات کے روز پاکستانی فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو سائن کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کولن منرو کو ٹاپ آرڈر بلے باز کے طور پر سائن کرنے کے بعد شاہین شاہ آفریدی بیرون ملک سے لیے گئے کھلاڑی کے طور پر ناٹنگھم شائر کاؤنٹی کرکٹ کلب میں شامل ہونے والے دوسرے کھلاڑی ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں ناٹنگھم آؤٹ لاز کی نمائندگی کریں گے۔ جبکہ نیوزی لینڈ کے کرکٹر کولن منرو بھی اسی کلب کے لیے کھیلیں گے۔
ناٹنگھم شائر کے ہیڈ کوچ پیٹر مورز نے کہا ہے کہ شاہین شاہ کی صورت میں ہمیں ایک ورلڈ کلاس کھلاڑی ملا ہے، اس نے بڑے اسٹیجز پر خود کو ثابت کیا ہے۔ جبکہ شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ نوٹس کرکٹ کا ایک جارحانہ برانڈ کھیلتے ہیں، جو میرے لیے مناسب ہے۔ انہوں نے حالیہ برسوں میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے اور ایلکس ہیلز، کولن منرو اور جو کلارک جیسے کھلاڑی ایسے کھلاڑی ہیں جن کا میں نے حالیہ برسوں میں سامنا کیا ہے اور ان سے متاثر ہوا ہوں۔ شاہین آفریدی نے کہا کہ ان کا مقصد ظاہر ہے کہ اپنی ٹیم کو زیادہ سے زیادہ کامیاب بنانے کے لیے اثر انگیز کھیل پیش کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹرینٹ برج پر کھیلنے کے بعد میں جانتا ہوں کہ یہ ایک تیز اسکور کرنے والا گراؤنڈ ہے اور بولر کے طور پر ایسے گرائونڈز میں آپ کو اپنی لائن اور لینتھ درست رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے، لیکن جب آپ ایسا کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں تو آپ کو انعامات بھی ملتے ہیں۔ یہ یقینی طور پر میرے لیے ایک دلچسپ تجربہ ہوگا جس کا میں منتظر ہوں۔