news
English

پاکستانی اسٹارزکی شاندار کارکردگی نے ٹی20 بلاسٹ کو چارچاند لگادیے

شاہین آفریدی کے ایک اوور میں 4 چھکے، لین کی سنچری میں نسیم شاہ کی پرفارمنس دب کر رہ گئی

پاکستانی اسٹارزکی شاندار کارکردگی نے ٹی20 بلاسٹ کو چارچاند لگادیے

انگلش ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں زمان خان کی شاندار بولنگ نے ڈاربی شائر کی فتح کا سفر آسان بنادیا۔

انگلش ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں زمان خان کی بولنگ میں مسلسل نکھار آتا جارہا ہے، پاکستانی پیسر نے عمدہ کارکردگی سے ڈاربی شائر کو برمنگھم پر فتح دلادی،انھوں نے حریف کپتان معین خان کو 16رنز پر میدان بدر کیا، ایڈ برنارڈ کو 27 رنز پر پویلین بھیجا،ایک شاندار یارکر پر جیک لینٹوٹ(5)کو بولڈ کیا، زمان خان نے 34رنز کے بدلے میں 3 وکٹیں اڑاکر برمنگھم کو 9وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز تک محدود کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

اس سے قبل ڈاربی شائر نے 4وکٹوں کے نقصان پر 174رنز کا مجموعہ حاصل کیا، اس میں وائن میڈسن کے 71رنز شامل تھے،حیدر علی کی روٹھی فارم بھی واپس آگئی، انھوں نے 32رنز اسکور کیے۔ اس سے قبل 4اننگز میں پاکستانی بیٹر نے 22رنز اسکور کیے تھے۔

ادھر نارتھمپٹن شائر کے کرس لین کی جارحانہ سنچری میں نسیم شاہ کی عمدہ کارکردگی دب کر رہ گئی، پیسر نے پاور پلے میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے 20رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی، لین نے دیگر تمام بولرز کو لاجواب کرتے ہوئے 68گیندوں پر ناقابل شکست 110رنز بناکر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ نارتھمپٹن شائر نے 165کا ہدف صرف 2وکٹوں کے نقصان پر 7گیندیں قبل ہی حاصل کرلیا۔

اس سے قبل لیسٹر شائر نے 8وکٹوں کے نقصان پر 164رنز بنائے جس میں لوئیس کمبر کے جارحانہ 41رنز شامل تھے۔

شاہین شاہ آفریدی بولنگ میں متاثرکن کارکردگی پیش نہ کرپائے اور 4اوورز میں 45رنز دے کر ایک وکٹ لی،وورسٹر شائر نے 5وکٹوں کے نقصان پر 226رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔

ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ناٹنگھم شائر کو 6اوورز میں 101رنز درکار تھے کہ شاہین شاہ آفریدی نے مائیکل بریسویل کے اوور میں 4چھکے جڑ کر مقابلہ دلچسپ بنادیا،ان کی 29 رنزپر رخصتی کے بعد ٹیم 170پر ڈھیر ہوگئی۔