news
English

آئی سی سی ٹی20 رینکنگ: شاہین اورشاداب کی تنزلی، نسیم شاہ کی ترقی

آئی سی سی مینزٹی 20 ورلڈ کپ 2024میں ہاردک پانڈیا کی شاندار کارکردگی نے انہیں ٹی20 میں آل راؤنڈر کی درجہ بندی کے عروج پر پہنچا دیا ہے۔

آئی سی سی ٹی20 رینکنگ: شاہین اورشاداب کی تنزلی، نسیم شاہ کی ترقی

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024 میں شاندار کارکردگی نے ہاردک پانڈیا کو آل راؤنڈر رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر پہنچا دیا جبکہ قومی ٹیم کے پیسر شاہین آفریدی اورشاداب خان کی تنزلی ہوئی ہے اور نسیم شاہ کو ترقی کا زینہ چڑھتے دیکھا گیا۔ 
تفصیلات کے مطابق بھارتی آل رائونڈرہاردک پانڈیا کی ٹی20 ورلڈ کپ 2024 میں شاندار کارکردگی نے انہیں ٹی 20 فارمیٹ میں آل راؤنڈر رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر پہنچا دیا ہے۔ 2 مقامات اوپرچڑھ کر اب وہ سری لنکا کے وینندو ہاسرنگا کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ پانڈیا نے پورے ٹورنامنٹ میں بلے اور گیند دونوں کے ساتھ اہم کردار ادا کیا۔ ان کی نمایاں کارکردگی فائنل میچ میں سامنے آئی، جہاں بشمول ہینرک کلاسن ان کی اہم وکٹوں نے میچ کو بھارت کے حق میں کردیا۔ 16 رنز کا دفاع کرتے ہوئے فائنل اوور میں پانڈیا کی فیصلہ کن بولنگ نے بھارت کو ٹی20 ورلڈ کپ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ٹی ٹونٹی آل راؤنڈر رینکنگ کے ٹاپ 10 کے اندر کئی دوسری تبدیلیاں بھی ہوئیں۔ مارکس اسٹوئنس، سکندر رضا، شکیب الحسن اور لیام لیونگسٹون ایک ایک درجہ ترقی پا گئے۔ اس کے برعکس محمد نبی چار درجے گر کر ٹاپ فائیو سے باہر ہو گئے۔ عماد وسیم اپنی 11ویں پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے جب کہ شاداب خان 17ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔ 
ٹی20 بولنگ رینکنگ میں نورکیا 675 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ رینک والے انگلش اسپنرعادل رشید سے بالکل پیچھے کیریئر کے بہترین دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ بھارت کے اسٹار گیند باز جسپریت بھمراہ جنہوں نےٹی20 ورلڈ کپ میں اپنی 15 وکٹوں کے لیے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ حاصل کیا تھا، 2020 کے آخر کے بعد پہلی بار ٹاپ ٹین کے قریب 12ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ 
کلدیپ یادو تین مقامات کی ترقی کے ساتھ مشترکہ طور پر آٹھویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔ ارشدیپ سنگھ، ٹی 20 ورلڈ کپ میں وکٹوں کے چارٹ میں سرفہرست رہنے کے بعد 13 ویں نمبر پر آگئے، تبریز شمسی 5 درجے ترقی کر کے ٹاپ 15 میں پہنچ گئے۔ شاہین آفریدی 2 درجے گر کر 17 ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ نسیم شاہ 493 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ بہتری کے ساتھ 47 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔