لاہور: لاہور قلندرز کے کپتان اور قومی ٹیم کے پیسر شاہین شاہ آفریدی نے پی ایس ایل کیریئر کا مہنگا ترین اوور کرادیا۔
ملتان سلطانز سے کھیلے گئے اہم کوالیفائر میچ میں اننگز کے 19 ویں اوورز میں کیرن پولارڈ نے تین چھکے جڑے اور ٹم ڈیوڈ کی مدد سے 6 گیندوں پر 20 رنز بٹورے، شاہین 4 اوورز میں 47 رنز دینے کے باوجود کوئی وکٹ نہ لے سکے۔
پی ایس ایل 8کے کوالیفائرز میچ میں کیرن پولارڈ کے ہاتھوں پٹائی پر شاہین شاہ آفریدی کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا۔ ملتان سلطانز کے بیٹر نے 19ویں اوور میں لاہور قلندرز کے کپتان کو 3چھکوں سمیت 20رنز جڑدیئے۔
واپس جاتے ہوئے شاہین تلخ کلامی کرتے ہوئے پیچھے پلٹ کر پولارڈ کے آمنے سامنے ہوگئے،جواب میں ملتان سلطانز کے بیٹر بھی کچھ کہتے دکھائی دیے۔
گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کی ٹیم ملتان سلطانز کے 161 رنز ہدف کے تعاقب میں صرف 76رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی لہٰذا ملتان سلطانز مسلسل تیسری بار پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔