news
English

شاہین آفریدی نے سڈنی ٹیسٹ کیوں نہیں کھیلا؟ وجہ سامنے آگئی

شاہین آفریدی نے پہلے دو میچز میں قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں 4 وکٹوں سمیت مجموعی طور پر 8وکٹیں حاصل کی تھیں۔

شاہین آفریدی نے سڈنی ٹیسٹ کیوں نہیں کھیلا؟ وجہ سامنے آگئی

قومی ٹیم کے پیسر شاہین شاہ آفریدی نے سڈنی ٹیسٹ میں کھیلنے کے بجائے آرام کرنے کے بارے میں کھل کر بتادیا۔
شاہین شاہ آفریدی نے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے تیسرے ٹیسٹ سے باہر رہنے کے فیصلے پر اظہارخیال کیا ہے۔ 
غیر ملکی اسپورٹس چینل سے بات چیت کرتے ہوئے، شاہین آفریدی نے آرام کی ضرورت کو تسلیم کیا اور وضاحت کی کہ پرتھ اور میلبرن میں پہلے دو ٹیسٹ میچز میں انہوں نے نمایاں تعداد میں اوورز کرائے جس کی وجہ سے انتظامیہ نے "ورک لوڈ مینجمنٹ" کا انتخاب کیا۔  
سڈنی ٹیسٹ سے محروم ہونے کے باوجود، شاہین نے پہلے کے میچوں میں قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں چار وکٹیں لینے سمیت مجموعی طور پر آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔ 
سڈنی ٹیسٹ نہ کھیلنے پر وسیم اکرم نے شاہین آفریدی پر کھل کر تنقید کی تھی۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ میں نے دو میچ کھیلے اور سچ پوچھیں تو بہت سارے اوور بھی کرائے، وہ صرف میرے کام کا بوجھ سنبھال رہے ہیں، میڈیکل ٹیم اور ٹیم مینجمنٹ نے اس ٹیسٹ میچ کے لیے آرام دینے کا فیصلہ کیا۔ 
ان کا کہنا تھا مجھے لگتا ہے کہ میں زیادہ وکٹیں لے سکتا ہوں لیکن بدقسمتی سے، میچ جیتنے والے کیچز کے مواقع گنوا دیے گئے، یہ اب تک کا ایک اچھا دورہ رہا ہے اور آخری میچ جو ہم نے کھیلا وہ کافی شاندار تھا، بولنگ یونٹ کے طور پر اور ایک ٹیم کے طور پر ہم نے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، نتیجہ ہمارے ہاتھ میں نہیں تھا، لیکن ہم نے کوشش کی۔"