news
English

آئی سی سی رینکنگ: شبھمن گِل نے بابراعظم سے پہلی پوزیشن چھین لی

ٹاپ بولرز میں بھارت کے محمد سراج نے بھی شاہین کو نمبر ون پوزیشن سے محروم کردیا

آئی سی سی رینکنگ: شبھمن گِل نے بابراعظم سے پہلی پوزیشن چھین لی

بابر اعظم دو سال سے زائد عرصے تک ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر رہنے کے بعد اعزاز سے محروم ہوگئے۔
آئی سی سی کی جاری کردہ نئی ون ڈے رینکنگ میں بھارت کے شبھمن گل نے کپتان بابراعظم سے پہلی پوزیشن چھین لی۔ 
آئی سی سی کے مطابق ون ڈے کرکٹ کے ٹاپ بیٹرز کی رینکنگ میں بابراعظم دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ ان کی جگہ اب بھارتی اوپنر شبھمن گل نے پہلی پوزیشن سنبھال لی ہے۔ 
بھارتی بیٹر شبھمن گل 830 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلی جبکہ کپتان بابراعظم 824 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئے ہیں، فہرست میں کوئنٹن ڈی کوک 771 پوائنٹس کے ساتھ تیسری جبکہ ویرات کوہلی 770 پوائنٹس کے ہمراہ چوتھی پویشن پر قابض ہیں۔ 
دوسری جانب بھارتی بولر محمد سراج نے شاہین شاہ آفریدی سے پہلی پوزیشن ہتھیاتے ہوئے نمبر ون پر قبضہ جمالیا ہے، بھارتی فاسٹ بولر 709 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر آگئے ہیں جبکہ قومی ٹیم کے پیسر شاہین شاہ آفریدی 658 ریٹنگ پوائنٹس کے ہمراہ پانچویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔ 
بھارتی بیٹر شبھمن گل نے پاکستانی کپتان سے 951 دن بعد پہلی پوزیشن چھین لی، بابر اعظم دو سال سے زائد عرصے تک ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر براجمان رہے۔ 
دنیا کے نمبر 1 ون ڈے بلے باز کے طور پر پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا دور ختم ہوگیا، بھارت کے نوجوان کرکٹر شبھمن گل نے تازہ ترین آئی سی سی بیٹنگ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ شبھمن گل، سچن ٹنڈولکر، ایم ایس دھونی اور ویرات کوہلی کے بعد بھارت کے چوتھے کھلاڑی بن گئے ہیں جو آئی سی سی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر فائز ہیں۔ اس وقت شبھمن گل 830 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ بابر اعظم 824 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ شبھمن گل کے علاوہ بھارت کے ویرات کوہلی نے بھی رینکنگ میں چوتھا مقام حاصل کرکے اہم پیش رفت کی ہے اور ورلڈ کپ میں اپنے 543 رنز کی بدولت تیسرے نمبر پر موجود جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کاک سے صرف ایک پوائنٹ پیچھے ہیں۔ 
شریاس آئیر بھی ون ڈے بلے بازوں کی فہرست میں مجموعی طور پر 17 درجے کی چھلانگ لگا کر 18 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، پاکستانی اوپنر فخر زمان تین درجے ترقی کر کے 11 ویں نمبر پر اور افغانستان کے ابراہیم زدران چھ درجے ترقی کر کے 12 ویں نمبر پر آگئےہیں۔ محمد سراج نے ون ڈے رینکنگ کے نمبر 1 بولر کے طور پر دو مقامات کی بہتری حاصل کی جبکہ کلدیپ یادو تین قدم اوپر چڑھ کر چوتھے نمبرپر،جسپریت بمراہ 8ویں نمبر پر اور محمد شامی 10ویں نمبر پرآگئے ہیں۔
جنوبی افریقہ کے اسپنر کیشوو مہاراج ترقی کرکے دوسرے  اور آسٹریلیا کے ایڈم زمپا چھ درجے اوپر پہنچ کر تیسرے نمبر پر ٹاپ 10 میں آنے والے بولرز ہیں، گزشتہ ہفتے نمبر 1 ون ڈے رینکنگ کے بولر شاہین آفریدی چار درجے گر کر تیز گیندباز جوش ہیزل ووڈ کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔ سری لنکا کے تیز گیند باز دلشان مدوشنکا ون ڈے بولرز کی فہرست میں 31 درجے کی چھلانگ لگا کر 45 ویں نمبر پر آگئے ہیں، بھارتی اسپنر رویندرا جدیجا 19 ویں نمبر پر اور جنوبی افریقہ کے پیسر مارکو جانسن 24 ویں نمبر پرآگئے ہیں۔ 
بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن انگلی میں فریکچر کی وجہ سے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے باوجود نمبر 1 آل راؤنڈر برقرار ہیں، آسٹریلیا کے تجربہ کار آل رائونڈر گلین میکسویل منگل کو ممبئی میں افغانستان کے خلاف زبردست پرفارمنس کے بعد دو درجے ترقی پاکر چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔