قومی کرکٹر حارث رؤف نے شاہین شاہ آفریدی کا نہ ہونا بولنگ یونٹ کےلیے نقصان دہ قرار دیا ہے۔
نجی نیوز چینل کو دیے گئے انٹرویو میں قومی ٹیم کے پیسر حارث رؤف نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز میں پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے، وائٹ اور ریڈبال میں مختلف مائنڈ سیٹ سے بولنگ کرنا پڑتی ہے تاہم وائٹ بال کا تجربہ ہے اور ریڈبال کی بھرپور پریکٹس جاری ہے۔
نوجوان پیسر نے کہا کہ ٹیسٹ کیپ حاصل کرنا کسی بھی پلئیر کے لئے اعزاز سے کم نہیں، ٹیسٹ ڈیبیو ہوا تو بہترین پرفارمنس دینے کی کوشش کروں گا۔
قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ دیگر فاسٹ بولرز بھی بہترین اعتماد میں ہیں، لیکن شاہین آفریدی کا نہ ہونا ہمارے بولنگ یونٹ کے لیے نقصان ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم جارحانہ کرکٹ کھیلتی ہے۔ اگر پہلے ٹیسٹ میں ڈیبیو کرتا ہوں تو اپنی صلاحیت کے مطابق بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ وائٹ بال کرکٹ اور ٹیسٹ کرکٹ میں فرق ہے اسی کو مد نظر رکھتے ہوئے پریکٹس کررہا ہوں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ یکم دسمبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے، سیریز کے بقیہ دو میچز 9 دسمبر کو ملتان 17 دسمبر کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شیڈول ہیں۔