news
English

شاہین آفریدی کا افغان کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سےگریز، بابر کی معاملہ فہمی

جمعرات کو ہمبنٹوٹا میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والا دوسرا ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ سے بالکل مختلف رہا۔

شاہین آفریدی کا افغان کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سےگریز، بابر کی معاملہ فہمی

افغانستان اور پاکستان کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل جمعرات کو ہمبنٹوٹا میں کھیلا گیا جہاں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان نے افغانستان کو ہرا کر سیریز اپنے نام کرلی۔ نسیم شاہ کی آخری گیندوں پر جارحانہ بلے بازی نے سب کو پچھلے سال کے ایشیا کپ کی یاد دلا دی جب انہوں نے کھیل کی سیکنڈ لاسٹ گیند پر چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو ایک وکٹ سے فتح دلائی۔ تاہم، ایسا لگتا ہے جیسے کھلاڑیوں کے جذبات بہت زیادہ عروج پر تھے۔ میچ کے بعد ہاتھ ملانے کی روایت کے دوران پاکستانی لیفٹ آرم فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے افغان کھلاڑیوں سے مصافحہ کرنے سے گریز کیا اور گرائونڈ سے جانے لگے۔

جیسے ہی شاہین واپس چلنے لگے تو کپتان بابر اعظم نے معاملہ فہمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں پیار سے واپس بلایا اور مصافحہ کی روایت میں شامل ہونے کی ترغیب دی۔ یہ اشارہ درحقیقت تصادم سے قطع نظر ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لیے بابر کی کوششوں کی عکاسی کر رہا تھا۔
اس لمحے کی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاہین آفریدی افغان کھلاڑیوں سے مصافحہ نہیں کرنا چاہتے تھے اور اس موقع پر بابر اور دوسرے کھلاڑی انہیں "شاہینہ آجا" کہتے ہیں۔  
اس کے باوجود، مصافحہ کے واقعہ کے ساتھ کشیدگی ختم نہیں ہوئی، کیونکہ ایک اور واقعہ سامنے آیا جب پاکستان کے تیز گیند باز نسیم شاہ نے بظاہر غصے کے ساتھ بابر سے کوئی بات کی۔ 
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نسیم شاہ نے بابر سے شکایت کی جس کی وجوہات معلوم نہیں ہیں۔ تاہم، کچھ ہی دیر بعد، کپتان خود افغانستان کے اسٹار آل راؤنڈر محمد نبی کے پاس گئے اور ان سے بات چیت کی۔ 
اگرچہ نسیم کی شکایت اور بابر اور محمدنبی کے درمیان ہونے والے الفاظ کے تبادلے کی تفصیلات ابھی تک نامعلوم ہیں، لیکن یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ شاداب خان کے قابل بحث رن آؤٹ سمیت چند متنازع فیصلے، جو کہ میچ کے اختتام پر ہوئے، نسیم کے غصے کی وجہ ہوسکتی ہے۔  
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوسرے ون ڈے میں معاملہ سیریز کے ابتدائی میچ سے بالکل برعکس رہا۔ دائیں ہاتھ کے بلے باز رحمن اللہ گرباز افغانستان کے لیے شاندار کارکردگی دکھانے والے بیٹر کے طور پر ابھرے جب انہوں نے 151 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ تاہم پاکستان نے 300 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف عبور کرکے میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور سیریز دو صفر سے اپنے نام کرلی۔ 
سیریز کا اختتام کولمبو میں شیڈول آخری ون ڈے کے ساتھ ہوگا۔ اس کے بعد دونوں ٹیمیں 30 اگست سے شروع ہونے والے ایشیا کپ میں شرکت کریں گی۔