قومی ٹیم کے سابق کپتان کا بھی فاسٹ بولر کو ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا مشورہ۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی فاسٹ بولر حارث رؤف کی کھوئی فارم پر لب کشائی کردی۔
مقامی ٹی وی چینل پر بات چیت کرتے ہوئے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ حارث رؤف آؤٹ آف فارم ہیں انہیں رہنمائی کی ضرورت ہے، کرکٹر کو مکمل سائیڈ لائن کرنے بجائے ماضی کی پرفارمنسز یاد دلائیں تاکہ وہ کم بیک کرسکے۔
انہوں نے کہا کہ حارث نے پاکستان کیلئے کچھ شاندار پرفارمنسز دی ہیں، وہ لڑکا اس وقت اور بھی بہتر ہوگا جب وہ طویل فارمیٹ کی کرکٹ کھیلے گا۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلیں گے تو بولنگ خود بخود بہتر ہو جائے گی تاہم اس کے لیے انہیں کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ اسپورٹ اسٹاف اور پی سی بی کے تعاون کی ضرورت ہوگی۔
یاد رہے کہ ورلڈکپ 2023 کے بعد سے حارث رؤف کی فارم میں کمی آئی ہے اور وہ ملک میں جاری پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 میں بولنگ کراتے ہوئے بظاہر مشکلات کا شکار ہیں۔
رواں پی ایس ایل سیزن کے ابتدائی دو میچز میں قومی ٹیم کیلئے اسپیڈ گن کہلائے جانے والے حارث رؤف نے 2 میچز میں 7 اوورز کروائے ہیں جبکہ 42 کی ایوریج سے رنز کے انبار لگوائے، ٹورنامنٹ میں وہ ابھی تک محض ایک وکٹ حاصل کرسکے ہیں۔
قبل ازیں سابق ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے بھی فاسٹ بولر حارث رؤف کو فرسٹ کلاس اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا مشورہ دیا تھا۔