news
English

کوہلی اور گمبھیر کے درمیان تلخ کلامی نوین الحق کی وجہ سے ہوئی، بھارتی میڈیا

انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) میں گوتم گمبھیر اور ویرات کوہلی کے درمیان لڑائی پر بھارتی میڈیا نے نوین الحق کو ذمہ دار ٹھہرادیاجبکہ شاہد آفریدی نوین الحق کی حمایت میں سامنے آگئے۔

کوہلی اور گمبھیر کے درمیان تلخ کلامی نوین الحق کی وجہ سے ہوئی، بھارتی میڈیا

بھارتی میڈیا کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ لکھنؤ سپر جائنٹس کے افغان فاسٹ بولر نوین الحق نے میچ کے دوران پہلے رائل چیلنجرز بنگلور کے کھلاڑی ویرات کوہلی سے بدتمیزی کی، نوین الحق ماضی میں بھی سینئیر کرکٹرز کے ساتھ ناروا سلوک اور بدتمیزی کرتے رہے ہیں۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ نوین الحق نے لنکن پریمئیر لیگ کے دوران سری لنکا کے کھلاڑی تھریسا پریرا سے بدتمیزی کی تھی جبکہ دیگر میچز میں وہ محمد عامر اور سابق کرکٹر شاہد آفریدی سے بھی بدتمیزی کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔

گزشتہ روز لکھنؤ سپر جائنٹس کے مینٹور گوتم گمبھیر اور اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا تھا، اس میچ میں سابق کرکٹر کی ٹیم کو معمولی ہدف کے تعاقب میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

ہدف کے تعاقب میں جب سپر جائنٹس کی بیٹنگ کے دوران بیٹر نوین الحق اور بنگلور کے فلیڈر ویرات کوہلی کے درمیان لفظی جنگ کا آغاز ہوا تو امپائرز اور ساتھی کرکٹرز نے بیچ بچاؤ کروایا تھا تاہم میچ کے اختتام پر لفظی جنگ ختم نہیں ہوئی بلکہ رائل چیلنجرز بنگلور نے لکھنؤ کو شکست دی تو میچ کے آخر میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے آپس میں ہاتھ ملانے کے دوران نوین الحق نے ویرات کوہلی کا ہاتھ جھٹک دیا جس پر بھارتی کرکٹر غصے میں آگئے اور بعدازاں لکھنو سپر جائنٹس کے مینٹور گوتم گھمبیر بھی لڑائی میں شامل کود پڑے۔ بھارتی میڈیا نے لکھنو سپر جائنٹس کے مینٹور گوتم گمبھیر اور رائل چیلنجرز بنگلور کے کھلاڑی ویرات کوہلی کے درمیان تنازعے کی اصل وجہ نوین الحق کو قرار دیا۔ ویرات کوہلی اور گوتم گمبھیر کے درمیان آئی پی ایل 2013 میں بھی تلخ کلامی ہوئی تھی، جس کے بعد سے دونوں کھلاڑیوں کے ایک دوسرے سے تعلقات بہتر نہیں ہیں۔
دوسری جانب کوہلی کے جھگڑے کے بعد شاہد آفریدی نوین الحق کی حمایت میں سامنے آگئے۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ "نوین صرف تب ہی ردعمل ظاہر کرتا ہے جب کوئی اسے غیر ضروری طور پر تنگ کرتا ہے۔ میں نے اسے اکثر بولنگ کرتے ہوئے دیکھا ہے، اسے بڑے شاٹس بھی لگتے ہیں، لیکن اس نے کبھی کسی کے ساتھ جھگڑا کرنے کی کوشش نہیں کی۔ مجھے یاد نہیں کہ میں نے اسے کبھی اتنے جارحانہ موڈ میں دیکھا ہو"۔

سابق پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی نے ایک مقامی نیوز چینل پر بات کرتے ہوئے نوین اور ویرات کے جھگڑے پر اپنا نقطہ نظر پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوین صرف تب ہی ردعمل ظاہر کرتے ہیں جب انہیں غیر ضروری طور پر اکسایا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ دونوں کھلاڑیوں کے تصادم کے نتیجے میں ایسے واقعات رونما ہوئے جس نے میچ کو نمایاں طور پر متاثر کیا، اور میچ کے بعد بھی افراتفری پھیلی رہی۔

رائل چیلنجرز بنگلور اور لکھنؤ سپر جائنٹس کے درمیان حالیہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے میچ کے دوران، میدان میں اس وقت گرما گرمی ہو گئی جب افغانستان کے فاسٹ بولر نوین الحق اور آر سی بی کے سابق کپتان ویرات کوہلی لکھنؤ کے ایکنا اسپورٹس سٹی میں گرما گرم بحث میں مصروف ہوگئے۔

اس جھگڑے نے واقعات کا ایک نیا سلسلہ شروع کر دیا جس کا میچ پر خاصا اثر پڑا اور میچ کے بعد کی پریزینٹیشن تک ڈرامہ ختم نہیں ہوا۔ یہ وہ لمحہ تھا جس نے شائقین کو پریشانی میں مبتلا کردیا۔  اور کرکٹ کی دنیا میں کافی ہلچل مچادی۔