news
English

چیٹ لیک کرنے کا معاملہ، آفریدی نے بھی ذکااشرف کو آڑے ہاتھوں لے لیا

کیا چیئرمین نے ٹی وی ہوسٹ کو اسکرین شارٹ ٹی وی پر چلانے کو کہا؟ سابق کپتان کا سوال

چیٹ لیک کرنے کا معاملہ، آفریدی نے بھی ذکااشرف کو آڑے ہاتھوں لے لیا

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے پی سی بی میجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کو بابراعظم کی چیٹ لیک کرنے پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔ 
مقامی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا میں یہ بات کہنے پر معذرت خواہ ہوں لیکن چیئرمین پی سی بی کو ٹی وی پر بیٹھ کر اسکرین شارٹس نہیں دکھانے چاہیے تھے، ہم اپنے ملک کی تصویر کو خود خراب کررہے ہیں۔ آپ ٹی وی پر کیسے اپنے کپتان کی چیٹ دکھا سکتے ہیں؟
انہوں نے مزید کہا کہ ‘شعیب جٹ یہ ٹی وی پر کیوں لائے، کیا چیئرمین نے انہیں ٹی وی پر ایسی چیزیں لانے کو کہا؟ اگر چیئرمین کسی طرح اس میں ملوث ہیں تو میں کہوں گا کہ یہ ان کی طرف سے انتہائی افسوسناک اقدام ہے’۔ 

گزشتہ دنوں سابق وکٹ کیپر بلے باز راشد لطیف نے دعویٰ کیا تھا کہ بابر اعظم کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف سے ٹیکسٹ میسجز اور کالز کے ذریعے رابطہ کیا گیا لیکن انہیں جواب نہیں دیا گیا۔،،  
بعدازازں نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں ذکا اشرف نے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر اور بابر اعظم کے درمیان ہونے والی مبینہ بات چیت کا اسکرین شاٹ شیئر کیا جس سے تنازع کھڑا ہوا۔  
شاہد آفریدی سے قبل سابق ہیڈکوچ وقار یونس نے سوشل میڈیا پر بیان دینے اور بابراعظم کی پرسنل چیٹ چینل پر دکھانے والوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کیا کرنے کی کوشش کررہے ہیں آپ لوگ؟ یہ نہایت مضحکہ خیز عمل ہے۔،،