news

شاہد آفریدی کی ایک بار پھر سندھ حکومت سے گراؤنڈ دینے کی اپیل

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر اور کپتان شاہد آفریدی نے ایک بار پھر سندھ حکومت سے کراچی میں اکیڈمی کے قیام کے لئے تعاون کی اپیل کی ہے۔

شاہد آفریدی کی ایک بار پھر سندھ حکومت سے گراؤنڈ دینے کی اپیل

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کراچی میں ایک سرکاری اسکول کا دورہ کررہے ہیں، جہاں وہ بچوں سے پوچھتے ہیں کہ اس میدان میں فٹبال کھیلنا چاہتے ہیں یا کرکٹ؟

جس پر بچے جواب دیتے ہیں کہ فٹبال گراؤنڈ چاہیے۔

اس موقع پر شاہد آفریدی کہتے ہیں کہ میں اس وقت ڈسٹرکٹ ویسٹ وانگی گوٹھ میں موجود ہوں، جس میں اسکول کے ساتھ ایک گرائونڈ موجود ہے، میری سندھ حکومت سے درخواست ہے کہ مجھے یہ زمین دے دیں تاکہ میں اس گراؤنڈ پر بچوں کو کھیل کی سہولیات فراہم کرسکوں۔

سابق کپتان نے وانگی گوٹھ کے سردار سے بھی ملاقات کی اور کھیلوں کی اکیڈمی کے بارے میں بتایا۔

اس سے قبل گزشتہ دنوں شاہد آفریدی نے نجی ٹی وی چینل پر انٹرویو کے دوران کراچی میں لیجنڈز ایرینا کے قیام کا اعلان کیا تھا اور اس سلسلے میں سندھ حکومت سے تعاون کی اپیل کی تھی۔