news
English

شاہین آفریدی کو قومی ٹیم کا کپتان بنانے کی افواہیں، شاہد آفریدی کی تردید

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ان گمراہ کن اطلاعات پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

شاہین آفریدی کو قومی ٹیم کا کپتان بنانے کی افواہیں، شاہد آفریدی کی تردید

ایشیا کپ میں پاکستان کی بدترین کارکردگی کے بعد سے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم شدید تنقید کی زد میں ہیں ایسے میں قومی ٹیم کے پیسر شاہین شاہ آفریدی کو کپتان بنائے جانے کی افواہیں بھی گردش کر رہی ہیں جن پر ان کے سسر اور قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔ 
بوم بوم آفریدی نے ایک نجی چینل سے بات چیت میں کہا کہ میں واحد انسان ہوں جو شاہین آفریدی کو کپتان بننے کی دوڑ سے دور رکھتا ہوں۔ سابق اسٹار آل راؤنڈر نے یہ بیان دے کر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے خود سے منسوب ایک بیان کی سختی سے تردید کی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ شاہد آفریدی نے شاہین شاہ کو بابر اعظم سے بہتر کپتان قرار دیا اور کہا کہ وہ بابر سے زیادہ اچھے انداز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کر سکتے ہیں۔ رواں سال لاہور قلندر نے ان کی قیادت میں پی ایس ایل کی ٹرافی جیتی ہے۔  
شاہد آفریدی نے کہا کہ میں ان دنوں ایک ہی چینل پر بیٹھ کر بات کرتا ہوں مجھے سمجھ نہیں آ رہی کہ لوگ مجھ سے منسوب کرکے اپنی طرف سے کیوں من گھڑت باتیں بنا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے ٹویٹر پر اسکرول کر رہا تھا اور میں نے دیکھا کہ وہ میرے نام کے ساتھ کچھ چلا رہے ہیں،
شاہد آفریدی نے ان غلط معلومات پر وضاحت دی کہ وہ نہیں چاہتے کہ شاہین پر کپتانی کا بوجھ ہو، وہ ایک بولر ہے اور اسے اسی شعبے میں پرفارم کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ شاہین شاہ آفریدی کو شاداب خان کی جگہ نائب کپتان بنائے جانے کا امکان ہے۔