news

اسٹرائیک ریٹ کو ترجیح دیں، شاہد آفریدی کا قومی بلے بازوں کو مشورہ

شاہد آفریدی نے نیوزی لینڈ کے بلے باز مارک چیپ مین کی کارکردگی کی تعریف کی اور اسے میچز کو مؤثر طریقے سے فنش کرنے کا سبق قراردیا۔

اسٹرائیک ریٹ کو ترجیح دیں، شاہد آفریدی کا قومی بلے بازوں کو مشورہ

پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں گرین شرٹس کی شکست کے بعد ٹیم کی حالیہ کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ 
شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستانی بلے باز شاندار بلے بازی کی سطح کا فائدہ اٹھانے سے محروم رہے، جس کے نتیجے میں ان کی اننگز میں مجموعی طور پر صرف 178 رنز بنائے گئے۔ انہوں نے میچ میں شاداب خان کی جارحانہ بلے بازی کے انداز کی بھی تعریف کی۔ جس نے انہیں میچ میں پاکستان کے لیے سب سے زیادہ اسکور کرنے والا کھلاڑی بنادیا۔  سابق کپتان کا کہنا تھا کہ بہترین بلے بازی کی سطح پر، ہم نے خاطر خواہ رنز نہیں بنائے۔ اسکور 220 کے آس پاس ہونا چاہیے تھا۔ شاداب نے اچھا کھیلا، باقی بلے بازوں کو ان حالات اور پچوں پر بہتر اسٹرائیک ریٹ کا ہدف رکھنا چاہیے۔ بقیہ گیمز کے لیے گڈ لک۔ چیپ مین کی زبردست اننگز، میچ کو ختم کرنے کے بارے میں ایک بہترین سبق تھا،"
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچز کی سیریز کے تیسرے مقابلے میں مین ان گرین نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز کے دوران چار وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ شاداب خان 20 گیندوں پر 41 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ اسکورکرنے والے بیٹر بن کر ابھرے، جس میں چار چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ بابر اعظم اور صائم ایوب نے بالترتیب 37 اور 32 رنز جوڑے جبکہ عرفان نیازی 20 گیندوں پر 30 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ 
نیوزی لینڈ کے مارک چیپ مین نے کھیل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 42 گیندوں پر 87 رنز بنائے، ایک ایسی اننگز جو بالآخر نیوزی لینڈ کی فتح کا باعث بنی اور سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔
شاہد آفریدی نے چیپ مین کی کارکردگی کی خاص طور پر تعریف کی، اور اسے میچ کو مؤثر طریقے سے ختم کرنے کا سبق قراردیا۔ 
واضح رہے کہ یہ سیریز اگلے دو میچوں کے ساتھ جاری ہے جو 25 اور 27 اپریل کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔