news
English

شاہد آفریدی نے شاداب اوراسامہ کی بحث میں اسامہ میرکوبہتر قراردےدیا

اگر آپ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے سے قاصر ہیں، چاہے وہ کپتان ہو یا نائب کپتان، ایسے کھلاڑی کو بینچ پر رکھا جانا چاہیے اور دوسروں کو موقع دینا چاہیے، آفریدی

شاہد آفریدی نے شاداب اوراسامہ کی بحث میں اسامہ میرکوبہتر قراردےدیا

سابق آل رائونڈر شاہد آفریدی نے اس بات پر زور دیا کہ شاداب اور اسامہ کی بولنگ کی صلاحیتوں میں نمایاں فرق ہے، اسامہ کے گیند بازی کے انداز اور باڈی لینگویج کو برتر قرار دیتے ہوئے شاہد آفریدی نے شاداب خان اور اسامہ میر کے درمیان ہونے والی بحث میں اپنی رائے پیش کردی۔ 
پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان، شاہد آفریدی آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں ان کے انتخاب کے حوالے سے شاداب خان بمقابلہ اسامہ میر کی بحث پر اپنی رائے رکھتے ہیں۔ 
ایک مقامی نیوز چینل پر اپنے نقطہ نظر کا اظہار کرتے ہوئے، شاہد آفریدی نے بولنگ لائن اپ میں شاداب کی جگہ اسامہ میر کو منتخب کرنے کی حمایت کی۔ شاہد آفریدی نے اس بات پر زور دیا کہ ان دونوں کی بولنگ کی صلاحیتوں میں نمایاں فرق ہے، انہوں نے اسامہ کی گیند پر گرفت رکھنے اور باڈی لینگویج کی کھل کر تعریف کی۔ 
ان کا کہنا تھا کہ دونوں کی بولنگ میں بڑا فرق ہے۔ گیند کو اپنی مرضی سے پچ پر ڈالنے اور باڈی لینگویج کے لحاظ سے اسامہ بہت بہتر ہے۔‘‘
گرین شرٹس کے سابق کپتان نے یہ بھی بتایا کہ شاداب، جنہیں کبھی ٹیم میں اہم رنز بنانے کے لیے جانا جاتا تھا، حال ہی میں اس ضمن میں ڈیلیور نہیں کر پا رہے، جس سے قومی ٹیم کی بیٹنگ کی صلاحیت پر فرق پڑتا ہے۔ 
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'شاداب کچھ رنز بناتے تھے لیکن اب ایسا نہیں ہے اس لیے ان کی بیٹنگ بھی زیادہ قابلِ ذکر نہیں ہے'۔ 
شاہد آفریدی نے پاکستانی ٹیم کے لیے شاداب کی ماضی کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی موجودہ کارکردگی کو مدِ نظر رکھنا چاہیے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ اگر کوئی کھلاڑی، اپنے گذشتہ ​​کردار سے قطع نظر، جدوجہد کر رہا ہے، تو اسے دوسروں کو موقع دینا چاہیے۔ 
آفریدی نے زور دے کر کہا کہ شاداب کبھی پاکستانی ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے تھے اور میں ان کا بہت بڑا حامی تھا۔ لیکن اگر آپ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے سے قاصر ہیں، چاہے وہ کپتان ہو یا نائب کپتان، ایسے کھلاڑی کو بینچ پر رکھا جانا چاہیے اور دوسروں کو موقع دینا چاہیے،، 
آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ کپ وارم اپ میچ میں شاداب نے 10 اوورز میں ایک وکٹ کے ساتھ 69 رنز دیے، جب کہ اسامہ نے پانچ اوورز میں دو وکٹیں لیں اور صرف بتیس رنز دیے۔ 
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز گذشتہ روز سے احمد آباد میں 2019 کے فائنلسٹ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے تصادم سے ہوچکا ہے جبکہ پاکستان کا مقابلہ آج حیدرآباد میں نیدرلینڈز سے ہوگا۔