news

انجری کا شکار شاہنواز دھانی پاکستان شاہینز کے دورے سے باہر ہوگئے

اسپن بولر آل رائونڈر مبصر خان کو دھانی کے متبادل کے طور پر شاہینز کے اسکواڈ میں شامل کرلیاگیا۔

انجری کا شکار شاہنواز دھانی پاکستان شاہینز کے دورے سے باہر ہوگئے

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی ایک مرتبہ پھر انجری کا شکار ہوکر پاکستان شاہینز کے دوسرے ٹور میچ سے باہر ہوگئے جس کے باعث اسپن بولر مبصر خان کو ان کے متبادل کے طور پر شاہینز کے اسکواڈ میں شامل کرلیاگیاہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کمر کی تکلیف کے سبب پاکستان شاہینز کے ڈاروین ٹور سے باہر ہوگئے ہیں۔ 
قومی فاسٹ بولر بنگلہ دیش اے کے خلاف شروع ہونے والے دوسرے چار روزہ میچ اور ڈاروین ٹور کے وائٹ بال مرحلے میں حصہ نہیں لے پائیں گے، جس میں 2 ایک روزہ میچ اور ٹاپ اینڈ ٹی20 سیریز شامل ہے۔ 
ٹور سے باہر ہونے پر بنگلہ دیش اے کیخلاف پہلے 4 روزہ میچ میں 4 وکٹیں لینے والے 25 سالہ شاہنواز دھانی فوری طور پر پاکستان واپس آئیں گے۔ اسپن بولنگ آل راؤنڈر مبصر خان کو شاہنواز دھانی کے متبادل کے طور پر اسکواڈ کا حصہ بنالیا گیا ہے۔
دوسری جانب پی سی بی کا یہ بھی کہنا ہے کہ خرم شہزاد جو کہ ابتدائی طور پر بنگلہ دیش 'اے' کے خلاف چار روزہ سیریز کے بعد وطن واپس آنے والے تھے، اب وہ بالترتیب 4 اور 6 اگست کو ناردرن ٹیریٹری اسٹرائیک اور بنگلہ دیش 'اے' کے خلاف دو ایک روزہ میچوں میں انتخاب کے لیے دستیاب ہوں گے۔