news
English

شائقین کرکٹ نے سخت سردی میں ماحول کو گرمادیا

دوران میچ اسٹیڈیم پُرجوش نعروں سے گونجتا رہا، سیکیورٹی کے سخت انتظامات۔

شائقین کرکٹ نے سخت سردی میں ماحول کو گرمادیا

شائقین کرکٹ نے سخت سردی میں ماحول کو خوب گرما دیا جب کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل9 میچ کے دوران پنڈی اسٹیڈیم پْرجوش نعروں سے گونجتا رہا۔ 
گزشتہ روز راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ایچ بی ایل، پی ایس ایل9 کے اہم میچ میں بیشتر اسٹینڈز تماشائیوں سے بھرگئے،ان میں فیملیز کی بڑی تعداد بھی شامل تھی، بچوں نے اپنے چہروں پر پسندیدہ ٹیموں کے لوگو پینٹ کرائے، پرچم اور شرٹس کی خریداری کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔ 
میزبان اسلام آباد یونائیٹڈ ٹیم کی کارکردگی نے ان کی خوشیاں دوبالا کردیں،شاداب خان اور اعظم خان کے اسٹروکس پر پْرجوش نعروں کی گونج سنائی دیتی رہی، بعد ازاں بولرز نے پشاور زلمی کی بیٹنگ کے پرخچے اڑائے تو جوش و خروش میں مزید اضافہ ہوگیا،نسیم شاہ کے چھوٹے بھائی حنین شاہ کراؤڈ فیورٹ بنے رہے، پیسر جب بھی باؤنڈری کے قریب آتے شائقین کی جانب سے ان کا نام پکار کر نعرے لگائے جاتے رہے۔ 
پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم رن آؤٹ ہوئے توان کے پرستار خاصے مایوس نظر آئے، اسٹینڈز میں پشاور زلمی کے پرستاروں کی بھی اچھی خاصی تعداد موجود تھی،ان میں سے کئی پشاور سمیت دیگر شہروں سے آئے تھے،چند منچلے ٹکٹ ملنے کی امید پر آئے مگر مایوس ہوکر آس پاس گھومتے رہے۔ 
اسٹیڈیم کے اطراف کی سڑکوں پر میلے کا سماں رہا، تاہم اس دوران جعلی ٹکٹ فروخت کرنے والے بھی سرگرم رہے،میچ کے دوران سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات دیکھنے میں آئے،اسٹیڈیم اور اطراف کی سڑکوں پر سیکورٹی اہلکاروں کا حصار قائم رہا، رینجرزاورپولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہزاروں اہلکار ڈیوٹی پر مستعد رہے،ٹیموں کی آمدورفت کے روٹس کی بھی کڑی نگرانی کی گئی جس کی وجہ سے کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور شائقین اسٹیڈیم میں کرکٹ میچ سے خوب لطف اندوز ہوئے۔