news
English

ٹی 20 بلاسٹ میں شاہین آفریدی کے چھکوں نے سماں باندھ دیا

شاہین آفریدی نے 2 سکسرز سے ناٹنگھم شائر کو فتح دلادی، اسامہ میر کی بہترین آل راؤنڈ پرفارمنس

ٹی 20 بلاسٹ میں شاہین آفریدی کے چھکوں نے سماں باندھ دیا

انگلش ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں شاہین آفریدی نے آخری اوورز میں 2چھکے لگا کر اپنی ٹیم کے لیے فتح کا سفر آسان بنادیا۔

انگلش ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں ڈرہم نے اولی روبنسن کی جارحانہ ففٹی سے تقویت پاتے ہوئے 168کا مجموعہ حاصل کیا، شاہین شاہ آفریدی نے 39رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ناٹنگھم شائر کو الیکس ہیلز نے اچھا آغاز فراہم کرتے ہوئے 65کی اننگز کھیلی لیکن میچ فنش کرنے کی ذمہ داری شاہین شاہ آفریدی کو ملی اور انھوں نے آخری اوور میں 2چھکوں کی مدد سے ہدف کا حصول 4گیندیں قبل ممکن بنادیا، انھوں نے 12گیندوں پرشاندار 17رنز بنائے۔

دوسری جانب یارکشائر کے کپتان شان مسعود نے 23 گیندوں پر 34 رنز بنائے جس میں دو چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔

ورسسٹر شائر کی فتح میں اسامہ میر کی آل راؤنڈر پرفارمنس نے اہم کردار ادا کیا، کاشف علی(69)کی رخصتی کے بعد پاور ہٹنگ کی ضرورت پوری کرتے ہوئے انھوں نے 15گیندوں پر 32رنز بٹور کر ٹیم کا مجموعہ 7وکٹوں کے نقصان پر 183تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا، نسیم شاہ نے 32رنز دے کر 2شکار کیے، ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے لیسٹر شائر کی ٹیم 33رنز دور رہ گئی، اسامہ میر نے 33رنز دے کر 2وکٹیں حاصل کیں۔

دوسری جانب ڈاربی شائر کی نمائندگی کرنے والے حیدر علی ایک بار پھر ناکام ہوئے اور صرف 11رنز بناسکے،ان کی ٹیم نے 6وکٹ پر 151رنز بنائے، نارتھمپٹن شائرنے ہدف 11گیندیں قبل عبور کرلیا، زمان خان نے 17رنز دے کر دو اہم وکٹیں حاصل کیں مگر دیگر بولرز دبائو برقرار نہیں رکھ سکے۔