news
English

آسٹریلیا پی ایم 11کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ، شان مسعودکی شاندار سنچری

پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے زبردست بلے بازی کرتے ہوئے 156 رنز بنائے اور ابھی تک آؤٹ نہیں ہوئے، سرفراز احمد نے 41 اور بابر اعظم نے 40 رنز اسکور کیے۔

آسٹریلیا پی ایم 11کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ، شان مسعودکی شاندار سنچری

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز سے قبل ہونے والے چار روزہ میچ میں کپتان شان مسعود نے زبردست قائدانہ اننگز کھیلتے ہوئے  آسٹریلیا کی پی ایم الیون کے خلاف سنچری بنا ڈالی۔  
تفصیلات کے مطابق کینبرا میں جاری پاکستان اور پرائم منسٹر الیون کے درمیان چار روزہ میچ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز بنا لیے۔ کینبرا کے مانوکا اوول گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن امام الحق 9 رنز بنا کر بکنگھم کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئے۔ عبداللہ شفیق بھی 38 رنز بنا کر اسٹیکیٹی کا شکار بنے جبکہ بابر اعظم بھی 40 رنز بنا کر بکنھگم کا شکار بنے جبکہ سعود شکیل 35 گیندوں پر 13 رنز بنا کر آؤ ٹ ہوگئے۔ دن کے آخری سیشن میں سرفراز کو 46 گیندوں پر 41 رنز بنانے کے بعد جورڈن بکنگھم نے آؤٹ کردیا۔ 
دن کا اختتام پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز کے ساتھ کیا جس میں شان مسعود نے 235 گیندوں پر 156 رنز بنائے۔ بدقسمتی سے فہیم اشرف 17 رنز بنانے کے بعد دن کے آخری اوورکی آخری گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان اپنی پوزیشن کو مستحکم کرنے اور اپنی پہلی اننگز کے مجموعی اسکور میں مزید اضافہ کرنے کی کوشش کرے گا۔ ٹیم کا مقصد پہلے دن رکھی گئی ٹھوس بنیاد کو مزید تقویت پہنچانا ہے۔ اس دوران اپوزیشن کامیابیاں حاصل کرنے اور پاکستان کو بڑا سکور کرنے سے روکنے کی کوشش کرے گی۔