پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جارہا ہے۔
قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے پرتھ ٹیسٹ میں ناکامی کے باوجود فاسٹ بولر شاہین آفریدی کی مکمل حمایت کا اظہار کردیا۔
پاکستان کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود نے پرتھ میں آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں چیلنجنگ کارکردگی کے بعد فاسٹ بولر شاہین آفریدی کو غیرمتزلزل حمایت کا اظہارکیا ہے۔
حال ہی میں ایک میڈیا کانفرنس میں شان مسعود نے خاص طور پر شاہین آفریدی جیسے فاسٹ بولر کے لیے شدید انجری سے واپسی میں پیش آنے والی مشکلات کا اعتراف کیا جس نے اپنی اسپیڈ سے متعلق دشواریوں اور بولنگ کے لیے ضروری جسمانی قوت کی کمی کا سامنا کیا۔
کپتان شان مسعود نے کرکٹ کے میدان میں کامیابی کے ساتھ واپسی پر شاہین آفریدی کے قابل تحسین نظم و ضبط اور قوت ارادی کو سراہتے ہوئے کہا کہ "سنگین انجری سے واپس آنا کبھی بھی آسان نہیں ہوتا خاص طور پر شاہین آفریدی جیسے فاسٹ بولر کے لیے جس نے اپنی رفتار اور بولنگ میں درپیش مسائل کے ساتھ مختلف چیلنجز کا سامنا کیا۔ اگرچہ ان کی اسپیڈ کم ہوئی ہے مگر رفتار میں کمی کوئی مسئلہ نہیں، ان کی گرائونڈ میں واپسی ان کے بے پناہ نظم و ضبط اور قوت ارادی کو ظاہر کرتی ہے۔
اسی طرح کی انجری کا سامنا کرنے کے بعد پیش آنے والی مشکلات کو سمجھتا ہوں۔ پاکستان کے لیے تمام فارمیٹس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنا اور کبھی کبھار چیلنجز بھی کھیل کا حصہ ہیں۔ ان سب کمیوں کے باوجود اس نے پرتھ میں اچھی بولنگ کی اگرچہ پرتھ ٹیسٹ میں شاہین کی بولنگ خاصی مہنگی ثابت ہوئی لیکن یہ ان کا انداز ہے، پرتھ میں کچھ مشکل وقت کے باوجود وہ فوری طور پر میچ کا رخ موڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہم یہاں پاکستان کے لیے ان کی کارکردگی کے بارے میں پراُمید ہیں"۔
دوسری جانب پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ 26 دسمبر سے جاری ہے جو 30 دسمبر تک میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں جاری رہے گا۔