شان مسعود نے اس سے قبل آسٹریلیا کے خلاف حالیہ سیریز کے دوران پاکستان کی قیادت کی تھی، جہاں قومی ٹیم کو 0-3 سے وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
شان مسعود آئندہ ٹیسٹ سیزن کے لیے قومی ٹیم کے کپتان برقرار رہیں گے جبکہ وائٹ بال کی قیادت کا معاملہ ابھی تک غیر فیصلہ کن ہے۔ یہ فیصلہ لاہور میں ہونے والے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اعلیٰ حکام کے اجلاس میں کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شان مسعود کو بنگلہ دیش کے خلاف اگست کے تیسرے ہفتے میں شروع ہونے والی 2 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔ یہ فیصلہ لاہور میں ہونے والے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اعلیٰ حکام کے اجلاس میں کیا گیا جس میں دیگر امور کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیش کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز کے لیے کپتانی کے معاملے پر بھی غور کیا گیا۔
پی سی بی کے ذرائع کے مطابق “پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے اس تجویز کو قبول کیا ہے کہ شان مسعود کو بنگلہ دیش کے خلاف آئندہ سیریز کے لیے ریڈ بال ٹیم کا کپتان برقرار رکھنا چاہیے۔ تمام امکانات میں وہ پورے سیزن میں پاکستان کی قیادت کرتے رہیں گے۔،،
سیزن میں انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز اور بعد ازاں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز بھی شامل ہے۔
ٹیسٹ ٹیم کے کپتان 34 سالہ شان مسعود نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دوران پاکستان کی قیادت کی تھی جہاں ٹیم کو 0-3 سے وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ شان مسعود نے ملک کے لیے کھیلے گئے 33 ٹیسٹ میچوں میں ایک ٹاپ آرڈر بلے باز کی حیثیت سے28.7 رنز فی اننگز کی اوسط سے 1778 رنز بنائے ہیں۔ شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کرنے کا باضابطہ اعلان چند روز میں متوقع ہے۔
توقع ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے ممکنہ ٹیم کا مختصر کیمپ اگست کے دوسرے ہفتے میں راولپنڈی میں لگایا جائے گا۔ پاکستان کے ریڈ بال کوچ جیسن گلیسپی شاہینز کے ساتھ آسٹریلیا جائیں گے۔ ان کی واپسی پر کیمپ قائم کیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کے کپتان کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ پی سی بی چیئرمین نے ابھی تک وائٹ بال کپتان کے بارے میں فیصلہ نہیں کیا ہے۔ توقع ہے کہ یہ فیصلہ اگلے دو ہفتوں میں کچھ اہم کرکٹرز کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔