news
English

شین واٹسن نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے ساتھ کوچنگ کےتجربے کو زبردست قراردے دیا

گلیڈی ایٹرز کے کوچ شین واٹسن نے فرنچائز کے کھلاڑیوں کے عزم اور جیت کی لگن کو اجاگر کیا۔

شین واٹسن نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے ساتھ کوچنگ کےتجربے کو زبردست قراردے دیا

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ اور سابق آسٹریلوی کرکٹرز شین واٹسن نے کہا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کارکردگی سے بہت خوش ہوں، کوشش ہے کہ کھلاڑیوں کے لیے ایسا ایسا ماحول تشکیل دوں جس میں وہ بہتر محسوس کریں۔
مقامی اسپورٹس چینل کو دیئے گئے ایک حالیہ انٹرویومیں شین واٹسن نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں نے اپنا بہترین کھیل پیش کیا ہے، کراچی کے خلاف ردرفورڈ نے شاندار اننگز کھیلی۔ 
انہوں نے کہاکہ کھلاڑیوں کے مقابلے میں کوچنگ کم تنائو والا کام ہے، میں کوچنگ اسائنمنٹ انجوائے کررہاہوں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکا کوچ ہونا اعزاز کی بات ہے۔ شین واٹسن نے کہا کہ سعود شکیل باصلاحیت کھلاڑی ہے، سعود شکیل ہر طرح کی بولنگ کو اطمینان سے کھیل سکتا ہے، یقین ہے کہ وہ بطور اوپنر مزید بہترین اننگز کھیلے گا۔ 
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ جیسن روئے کے ساتھ اس کی اوپننگ جوڑی ایک مفید کامبینیشن ہے، خواجہ نافع کا گیند کو ہٹ کرنے کا انداز دیگر پلیئرز سے مختلف ہے، خواجہ نافع کے شاٹس کی قوت اور بیٹ کی اسپیڈ قابل تعریف ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ہمیشہ یہی پیغام دیتے ہیں کہ وہ اپنی صلاحیتوں پر پورا بھروسہ رکھیں، کرکٹ کے میدان میں کامیابی کے لئے ضروری ہے کہ ناکامی کا خوف ختم کیا جائے، ایک پلیئر اس وقت ہی کامیاب ہوتا ہے جب وہ بغیر کسی خوف کے کھیلتا ہے۔ 
شین واٹسن نے کہا کہ پی ایس ایل نے 9 سال میں کافی ترقی کی ہے، پاکستان میں بولنگ کا ٹیلنٹ ہمیشہ ہی بہترین رہا ہے جبکہ بیٹنگ میں آج کل پاکستان سےکافی زبردست پاور ہٹر سامنے آ رہے ہیں۔ 
سابق آسٹریلوی کرکٹرکا کہنا تھا کہ غیرملکی پلیئرز بھی پی ایس ایل کو کافی انجوائے کرتے ہیں، جس طرح کوئٹہ کھیل رہی ہے، کوئی وجہ نہیں کہ ہم فائنل میں نہ ہوں۔
شین واٹسن نے کہا کہ فائنل تک رسائی اور جیت کے لیے ہمیں بہترین کھیل کا سلسلہ جاری رکھنا ہوگا، سرفراز کپتان ہو یا نہ ہو وہ نیچرل لیڈر ہے، کپتان نہ ہونے کے باوجود سرفرازکا ٹیم میں اہم کردار ہے۔