news
English

’’شرجیل خان، عمر اکمل اور احمدشہزاد ہمارے پلان کا حصہ نہیں‘‘

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ڈائریکٹر معین خان نے احمد شہزاد، شرجیل خان اور عمر اکمل پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا۔

’’شرجیل خان، عمر اکمل اور احمدشہزاد ہمارے پلان کا حصہ نہیں‘‘

لاہور میں اسپانسرز سے معاہدے کی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے فرنچائز کے ڈائریکٹر معین خان کا کہنا تھا کہ تینوں مذکورہ کرکٹرز پاکستان کرکٹ کے بڑے نام ضرور ہیں تاہم رواں سیزن میں وہ ہمارے پلان کا حصہ نہیں ہیں۔ 
سابق کرکٹر نے سوال اٹھایا کہ احمد شہزاد، عمر اکمل اور شرجیل خان نے ڈومیسٹک میں پرفارمنس بھی دی ہے پھر کیا وجہ ہے کہ کسی ٹیم نے ان تینوں کو منتخب نہیں کیا، یہ انہیں خود سوچنا ہوگا۔ 
انہوں نے کہا کہ سپلمینٹری کیٹیگری میں 2 کھلاڑیوں کو جنوری میں ڈرافٹ کے ذریعے منتخب کرنا ہے، کوشش کریں گے کہ اپنے کمبینیشن کے لحاط سے ان کھلاڑیوں کا چناؤ کریں جن کے آنے سے ٹیم کی قوت میں مزید اضافہ ہو۔ 
ٹیم ڈائریکٹر نے کہا کہ پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) اب ایک مقبول برانڈ بن چکا ہے جس کے پرفارمرز کو دنیا بھر میں پذیرائی ملتی ہے، جتنے بھی بڑے نام ہیں وہ اس میں کھیل چکے ہیں۔ 
اس موقع پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ٹیم اونر ندیم عمر نے کہا کہ اس بار بہت سوچ سمجھ کر کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے، کوشش ہوگی کہ اچھی پلاننگ کے ساتھ تمام میچز کھیلیں، سرفراز احمد کی صورت میں ہمارے پاس ایک قابل کپتان موجود ہے۔