news
English

’’بھارت کو بمراہ کے معاملے پر شاہین کی انجری سے سبق سیکھنا چاہیے‘‘

بمرا کو کھلانے میں جلدبازی سے انجری طویل ہوسکتی ہے، سابق کرکٹر

’’بھارت کو بمراہ کے معاملے پر شاہین کی انجری سے سبق سیکھنا چاہیے‘‘

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ اور کپتان روی شاستری نے بھارتی سلیکٹرز کو خبردار کیا ہے کہ جسپریت بمراہ کو ورلڈکپ 2023ء کیلئے ٹیم میں لانے کی جلدی کرنا صحیح نہیں، ہمیں شاہین آفریدی کی انجری سے سبق سیکھنا چاہیے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سابق کپتان روی شاستری نے جسپریت بمراہ کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈکپ سے قبل جسپریت کو کھلانے میں احتیاط کی ضرورت ہے، اگر ہم انہیں جلدی کھلاتے ہیں تو کہیں انجری مزید طویل نہ ہوجائے جس سے بھارت کو نقصان ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو شاہین آفریدی کے ساتھ پاکستان کی غلطی سے سبق سیکھنا چاہیے اور احتیاط کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے، اگر ورلڈ کپ سے قبل جلد بازی کرتے ہیں تو خطرہ ہوگا کہ کہیں بمرا، شاہین کی طرح دوبارہ 4 ماہ کیلئے ٹیم سے باہر نہ ہوجائیں۔

قبل ازیں قومی فاسٹ بولر شاہین آفریدی سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران باؤنڈری پر کیچ لینے کے دوران زخمی ہوگئے تھے تاہم ٹی20 ورلڈکپ 2022ء فائنل کے دوران ان کی دوبارہ انجری ہوئی تھی جس کے باعث وہ اوورز مکمل نہیں کرسکے تھے اور پاکستان کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

اس انجری کے بعد شاہین شاہ آفریدی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز سے بھی باہر ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ ایک سال ٹیسٹ کرکٹ سے دور رہنے کے بعد شاہین شاہ آفریدی سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں دوبارہ واپسی کیلئے تیار ہیں۔